برآمدات بڑھانے کے لیے لاہور چیمبر کی حکومت کو قابلِ عمل سفارشات کی پیشکش
- وزیراعظم کی ہدایت پر پالیسی سازی میں برآمد کنندگان کو ترجیح دی جائے گی ، وفاقی سیکرٹری تجارت کی یقین دہانی
لاہور چیمبر آف کامرس (ایل سی سی آئی) نے برآمدات میں اضافے کے لیے وفاقی سیکرٹریز کو قابلِ عمل تجاویز پیش کر دیں۔ وفاقی سیکرٹری تجارت جواد پال نے یقین دلایا کہ وزیراعظم کی ہدایت پر پالیسی سازی میں برآمد کنندگان کو ترجیح دی جائے گی اور نجی شعبہ ہی معاشی ترقی کی قیادت کرے گا۔
ایل سی سی آئی کے صدر فہیم الرحمن سہگل نے معیشت کی بگڑتی صورتحال پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے بتایا کہ رواں مالی سال کے پہلے چھ ماہ میں تجارتی خسارہ 19 ارب ڈالر سے تجاوز کر چکا ہے، جو سال کے آخر تک 38 ارب ڈالر تک پہنچ سکتا ہے۔ انہوں نے بتایا کہ غذائی برآمدات میں 38 فیصد کمی آئی ہے، جبکہ چاول، سبزیوں اور تیل دار بیجوں کی برآمدات میں بھی نمایاں گراوٹ دیکھی گئی۔
کمی کی وجوہات میں زرعی زمین پر ہاؤسنگ سوسائٹیز کا قیام، پانی کا ناقص انتظام اور بلند پیداواری لاگت شامل ہیں۔ انہوں نے واٹر مینجمنٹ اتھارٹی کے قیام، ہائبرڈ بیجوں کے استعمال اور حلال فوڈ مارکیٹ سے فائدہ اٹھانے کی ضرورت پر زور دیا۔ مزید برآں بلند شرح سود اور مہنگی بجلی کو ”سرمائے کے فرار“ کی بڑی وجہ قرار دیا۔






















Comments