ڈھاکا فیکٹری آتشزدگی : اموات کی تعداد 16 ہوگئی
بنگلہ دیش کے دارالحکومت ڈھاکا میں گارمنٹس فیکٹری اور ساتھ واقع کیمیکل گودام میں آتشزدگی سے اموات کی تعداد 16 ہوگئی جبکہ واقعے میں متعدد افراد شدید زخمی ہوئے۔ فائر سروس حکام کے مطابق زیادہ تر ہلاکتیں زہریلی گیس کے اخراج اور چھت کا دروازہ بند ہونے کے باعث ہوئیں، جس نے مزدوروں کو فرار کا موقع نہ دیا۔
حکام کے مطابق آگ چار منزلہ عمارت کی تیسری منزل پر لگی، جو پلاسٹک اور کیمیکل سے بھری ہوئی تھی۔
فائر آفیسر طلحہ بن جاشم نے بتایا کہ زیادہ تر افراد جھلسنے کے بجائے زہریلی گیس سے دم گھٹنے سے ہلاک ہوئے۔ انہوں نے کہا کہ ذخیرہ شدہ کیمیکل کی وجہ سے دھواں بدستور اٹھتا رہا جس سے آگ پر قابو پانے میں دشواری پیش آئی۔
متعدد افراد کی لاشیں بری طرح جھلس جانے کے باعث ان کی شناخت ڈھاکا میڈیکل کالج اسپتال میں جاری ہے۔ حکومت نے آگ کی وجوہات اور حفاظتی غفلت کے ذمہ داروں کا تعین کرنے کے لیے تحقیقات کا آغاز کر دیا ہے۔
عینی شاہدین کے مطابق قریبی فیکٹریوں کے مزدور بھی دھوئیں سے متاثر ہوئے، جس کے بعد مضافاتی فیکٹریوں کو عارضی طور پر بند کر دیا گیا۔




















Comments
Comments are closed.