پنجاب، خیبر پختونخوا، آزاد کشمیر اور گلگت بلتستان میں شدید بارشوں اور سیلاب کا الرٹ جاری
- این ڈی ایم اے نے اگلے 12 سے 24 گھنٹوں کے دوران شدید بارشوں اور ممکنہ سیلاب کے خدشے سے خبردار کیا ہے۔
نیشنل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (این ڈی ایم اے) نے بدھ کے روز الرٹ جاری کرتے ہوئے پنجاب، خیبر پختونخوا، گلگت بلتستان (جی بی) اور آزاد جموں و کشمیر میں اگلے 12 سے 24 گھنٹوں کے دوران شدید بارشوں اور ممکنہ سیلاب کے خدشے سے خبردار کیا ہے۔
نیشنل ایمرجنسی آپریشن سینٹر کے مطابق خیبر پختونخوا کے کئی اضلاع بشمول چترال، دیر، سوات، بونیر اور ایبٹ آباد میں وقفے وقفے سے بارشوں کا امکان ہے۔
حکام نے خبردار کیا کہ بارشوں کے باعث نشیبی علاقوں میں اچانک سیلاب (فلیش فلڈنگ) آسکتا ہے، پہاڑی ندی نالوں میں طغیانی اور پہاڑی علاقوں میں لینڈ سلائیڈنگ کے واقعات پیش آ سکتے ہیں۔
اتھارٹی نے پنجاب کے شمال مشرقی اضلاع مثلاً گوجرانوالہ، لاہور، سیالکوٹ، جہلم اور نارووال میں بھی شدید بارشوں کی پیش گوئی کی ہے اور شہری و دیہی علاقوں میں ممکنہ سیلاب سے خبردار کیا ہے۔
گلگت بلتستان اور آزاد کشمیر بشمول گلگت، ہنزہ، اسکردو، نیلم، مظفرآباد اور راولاکوٹ میں ہلکی سے درمیانی بارشوں کا امکان ہے جن کے ساتھ لینڈ سلائیڈنگ اور برساتی نالوں کے اوور فلو ہونے کے خدشات ہیں۔
این ڈی ایم اے نے کہا ہے کہ تیز ہوائیں اور آندھیاں کمزور درختوں کو گرا سکتی ہیں اور بجلی کی فراہمی متاثر کر سکتی ہیں۔ انہوں نے شہریوں، کسانوں اور مقامی حکام پر زور دیا کہ وہ چوکس رہیں اور احتیاطی تدابیر اختیار کریں۔
وزیراعظم شہباز شریف نے این ڈی ایم اے کو ریسکیو اور ریلیف آپریشنز کی مانیٹرنگ کی ہدایت دی ہے۔ اتھارٹی نے مزید بتایا کہ نیشنل ایمرجنسی آپریشن سینٹر مکمل طور پر فعال ہے اور دن رات سول اور عسکری اداروں کے ساتھ رابطے میں ہے۔
دریاؤں اور برساتی نالوں کے کنارے رہنے والے لوگوں کو محفوظ مقامات پر منتقل ہونے کا مشورہ دیا گیا ہے۔
این ڈی ایم اے نے حساس علاقوں کے رہائشیوں سے کہا ہے کہ وہ انخلا کے دوران مقامی انتظامیہ کے ساتھ تعاون کریں، متاثرہ علاقوں میں غیر ضروری سفر سے گریز کریں، ایمرجنسی کٹس تیار رکھیں اور اہم دستاویزات کو محفوظ طریقے سے سنبھال کر رکھیں۔
عوام کو یہ بھی مشورہ دیا گیا ہے کہ تازہ ترین رہنمائی کے لیے این ڈی ایم اے کیڈیزاسٹر الرٹ موبائل ایپ استعمال کریں۔

























Comments
Comments are closed.