شمالی کوریا کے رہنما کم جونگ اُن نے ہفتہ کو دو نئے فضائی دفاعی میزائلوں کے تجرباتی فائرنگ کی نگرانی کی، جسے سرکاری خبر رساں ادارے کے سی این اے نے اتوار کو رپورٹ کیا۔ رپورٹ کے مطابق یہ ’’بہتر‘‘ میزائل نظام اعلیٰ جنگی صلاحیت رکھتے ہیں اور مختلف فضائی اہداف کو تباہ کرنے کے لیے موزوں ثابت ہوئے ہیں۔ تاہم، نئی ٹیکنالوجی یا تجربے کی جگہ کی تفصیل نہیں بتائی گئی۔
تصاویر میں میزائلوں کو آسمان کی جانب داغتے اور ایک میزائل کو اہداف کو نشانہ بناتے ہوئے دکھایا گیا۔ کم جونگ اُن نے دفاعی سائنس شعبے کے لیے ایک ’’اہم ٹاسک‘‘ بھی مقرر کیا ہے جو آئندہ پارٹی اجلاس سے قبل مکمل ہونا ہے۔
ادھر جنوبی کوریا کی فوج نے ہفتہ کو دعویٰ کیا کہ شمالی کوریائی فوجیوں نے رواں ہفتے عارضی طور پر سرحد عبور کی جس پر وارننگ فائرنگ کی گئی۔ اقوام متحدہ کمان کے مطابق تقریباً 30 فوجی سرحد پار کر گئے تھے۔ شمالی کوریا نے اس اقدام کو سوچی سمجھی اشتعال انگیزی قرار دیا۔
ماہرین کے مطابق پیانگ یانگ ڈرونز اور کروز میزائلوں کے خلاف اپنی دفاعی صلاحیت تیز رفتاری سے بڑھا رہا ہے، جو اس کے لیے یوکرین جنگ کے تجربات سے حاصل شدہ سبق کی عکاسی کرتا ہے۔ جنوبی کوریا کا کہنا ہے کہ روس کی جنگ میں 10,000 سے زائد شمالی کوریائی فوجی شریک ہیں جن میں سیکڑوں ہلاک اور ہزاروں زخمی ہو چکے ہیں۔

























Comments
Comments are closed.