پاکستان میں قابل تجدید توانائی کی دوڑ: ایک اور ٹیکسٹائل کمپنی کا 7.2 میگاواٹ سولر سسٹم لگانے کا منصوبہ
پاکستان کے صنعتی شعبے میں قابل تجدید توانائی کی جانب بڑھتے ہوئے رجحان کے پیشِ نظر کوہِ نور ٹیکسٹائل ملز لمیٹڈ (کے ٹی ایم ایل) نے پائیدار آپریشنز اور لاگت میں کمی کے لیے 7.2 میگاواٹ کا سولر پاور سسٹم نصب کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔
لسٹڈ کمپنی نے اپنی اس پیش رفت سے پاکستان اسٹاک ایکسچینج (پی ایس ایکس) کو نوٹس کے ذریعے آگاہ کیا۔
نوٹس میں بتایا گیا ہے کہ بورڈ آف ڈائریکٹرز یہ اعلان کرتے ہوئے خوشی محسوس کرتے ہیں کہ کمپنی پائیدار توانائی اور مؤثر آپریشنل کارکردگی کے اپنے عزم کے تحت 7.2 میگاواٹ کا قابل تجدید سولر توانائی نظام نصب کرنے کے عمل میں ہے۔
انتظامیہ کو یقین ہے کہ مالی سال کی پہلی سہ ماہی جو 30 ستمبر 2025 کو ختم ہو رہی ہے کے اختتام تک کوہِ نور ٹیکسٹائل ملز اپنی آپریشنل توانائی کی ضروریات کا 20 فیصد سے زائد حصہ قابل تجدید ذرائع سے حاصل کررہی ہو گی۔
نوٹس میں مزید کہا گیا کہ اس اقدام سے نہ صرف لاگت میں نمایاں کمی آئے گی بلکہ ملک کے درآمدی ایندھن پر انحصار بھی کم ہوگا۔
کوہِ نور ٹیکسٹائل ملز لمیٹڈ 21 دسمبر 1987 کو کمپنیز آرڈیننس 1984 (جو اب کمپنیز ایکٹ 2017 کہلاتا ہے) کے تحت پاکستان میں شامل کی گئی اور یہ ٹیکسٹائل مصنوعات کی تیاری کے ساتھ ساتھ بجلی کی پیداوار اور فراہمی کے کاروبار میں بھی مصروفِ عمل ہے۔
خبر فائل کیے جانے کے وقت کمپنی کا شیئر 81.15 روپے پر ٹریڈ ہو رہا تھا جو کہ 7.38 روپے یا 10 فیصد اضافے کو ظاہر کرتا ہے۔
پاکستان میں متبادل توانائی، خاص طور پر سولر پاور، کی جانب رجحان تیزی سے بڑھ رہا ہے جو رہائشی اور تجارتی دونوں شعبوں میں خاصی مقبولیت حاصل کر چکا ہے۔
تاہم بجلی کی مجموعی کھپت میں خاطر خواہ اضافہ نہ ہونے کے باعث اس رجحان نے پالیسی سازوں کو قومی گرڈ اور توانائی شعبے پر اس کے اثرات کے حوالے سے غور و فکر پر مجبور کر دیا ہے۔
اس کے باوجود اس کم لاگت اور ماحول دوست توانائی کے ذریعے سے فائدہ اٹھانے کے لیے متعدد صنعتوں نے نمایاں اقدامات کیے ہیں۔
گزشتہ ماہ جے کے اسپننگ ملز لمیٹڈ نے اپنی کاروباری حکمت عملی کے تحت 7 میگاواٹ اضافی سولر صلاحیت نصب کرنے کے منصوبے کا اعلان کیا۔
دیوان سیمنٹ لمیٹڈ نے کراچی میں اپنی پیداواری تنصیب پر 6 میگاواٹ کا سولر پاور سسٹم کامیابی سے نصب اور فعال کردیا ہے۔
اسی طرح مئی میں انٹرنیشنل انڈسٹریز لمیٹڈ کی ذیلی کمپنی، انٹرنیشنل اسٹیلز لمیٹڈ نے کراچی میں اپنی فیکٹری پر 6.4 میگاواٹ کا سولر منصوبہ مکمل کر کے چالو کیا۔
مارچ میں، طارق کارپوریشن لمیٹڈ — جو چینی اور اس سے متعلقہ مصنوعات کی تیاری سے وابستہ ہے — نے اپنی تنصیب پر 200 کلو واٹ کا سولر پاور سسٹم لگانے کے منصوبے کا اعلان کیا۔






















Comments
Comments are closed.