کوہاٹ سیمنٹ کمپنی لمیٹڈ نے رئیل اسٹیٹ سیکٹر میں باقاعدہ شمولیت کا اعلان کرتے ہوئے ایک مکمل ملکیتی ذیلی ادارہ الٹرا پراپرٹیز (پرائیویٹ) لمیٹڈ کے قیام کا فیصلہ کیا ہے۔
کمپنی نے اس پیش رفت سے متعلق آگاہی جمعرات کے روز پاکستان اسٹاک ایکسچینج (پی ایس ایکس) کو جاری کردہ اپنے نوٹس میں دی۔
کمپنی کے جاری کردہ نوٹس کے مطابق نئے قائم کردہ ادارے کو غیر منقولہ جائیداد کی مارکیٹنگ اور ترقیاتی سرگرمیوں کی ذمہ داری سونپی گئی ہے جس میں فروخت اور کرائے دونوں مقاصد کے لیے رہائشی و تجارتی منصوبے شامل ہوں گے۔
تاہم کمپنی نے واضح کیا ہے کہ ادارے کا قیام متعلقہ ریگولیٹری منظوریوں اور تمام قانونی ضوابط کی تکمیل سے مشروط ہوگا۔
بورڈ آف ڈائریکٹرز نے مجوزہ ذیلی کمپنی میں 75 کروڑ روپے تک کی سرمایہ کاری کی منظوری بھی دی ہے، جو ایکویٹی اور/یا سود پر مبنی قرض کی صورت میں فراہم کی جائے گی۔ علاوہ ازیں، کمپنی کی ایک سرمایہ کاری جائیداد مجوزہ ادارے کو لیز پر دینے کا بھی فیصلہ کیا گیا ہے، جہاں کثیر المنزلہ کمرشل عمارتیں تعمیر کی جائیں گی، جو کرایہ پر دی جائیں گی۔
اسی اجلاس میں بورڈ نے اعزاز منصور شیخ کو دوبارہ تین سالہ مدت کے لیے چیئرمین اور ندیم عطا شیخ کو چیف ایگزیکٹو آفیسر مقرر کرنے کی منظوری بھی دی۔
مزید برآں بورڈ نے کمپنی کے شیئرز کی فیس ویلیو 10 روپے سے کم کر کے 2 روپے فی شیئر کرنے کی منظوری بھی دی ہے جس کے تحت ہر ایک شیئر کے بدلے پانچ نئے شیئر جاری کیے جائیں گے ۔
واضح رہے کہ کوہاٹ سیمنٹ کمپنی لمیٹڈ ایک پبلک لمیٹڈ کمپنی ہے، جو 1913 کے کمپنیز ایکٹ کے تحت پاکستان میں قائم کی گئی۔ یہ کمپنی سیمنٹ کی تیاری اور فروخت کے شعبے میں سرگرم ہے جب کہ اے این ایس کیپیٹل (پرائیویٹ) لمیٹڈ اس کی ہولڈنگ کمپنی ہے۔
رپورٹ فائل کیے جانے کے وقت کمپنی کے شیئرز 435 روپے پر ٹریڈ ہو رہے تھے، جو کہ 35 روپے یا 8.75 فیصد اضافے کی نمائندگی کرتے ہیں۔






















Comments
Comments are closed.