وزیرِاعظم محمد شہباز شریف نے کہا ہے کہ حکومت دیہی ترقی کو قومی ترقی کا ایک اہم ستون قرار دیتے ہوئے اسے اپنی ترجیحات میں شامل رکھے ہوئے ہے۔
عالمی یوم دیہی ترقی کے موقع پر اپنے پیغام میں، جو 6 جولائی کو منایا جاتا ہے، انہوں نے کہا کہ پائیدار ترقی کے اہداف (ایس ڈی جیز) کے تحت ہم زرعی شعبے، تعلیم، صحت، بنیادی ڈھانچے، ہنر کی تربیت اور ماحولیاتی استحکام میں مخصوص سرمایہ کاری کے ذریعے دیہی زندگی کو بہتر بنانے پر توجہ مرکوز کیے ہوئے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ اس اہم دن کے موقع پر پاکستان عالمی برادری کے ساتھ مل کر یوم دیہی ترقی منا رہا ہے۔ ہم اس موقع کو اپنے دیہی عوام کی گراں قدر خدمات کو سراہنے اور ان کی خوشحالی و ترقی کے لیے اپنے عزم کو دُہرانے کے لیے استعمال کر رہے ہیں۔
وزیرِاعظم نے کہا کہ پاکستان کی تقریباً دو تہائی آبادی دیہی علاقوں پر مشتمل ہے۔ ہمارے دیہات اور زرعی زمینیں نہ صرف ہماری قوم کی خوراک کی ضروریات پوری کرتی ہیں بلکہ صدیوں پر محیط ہمارے حوصلے، باہمی تعاون اور روایات کی اقدار کو بھی زندہ رکھتی ہیں۔ انہی کھیتوں، باغات اور قصبوں میں پاکستان کی اصل روح سانس لیتی ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ ہم نے دیہی سڑکوں کے نیٹ ورک کی توسیع، پانی اور صفائی کی سہولیات کی بہتری، خواتین کو بااختیار بنانے اور موسمیاتی تبدیلی سے ہم آہنگ زرعی طریقوں کو فروغ دینے جیسے شعبوں میں نمایاں پیش رفت کی ہے۔ یہ اقدامات اس بات کی عکاسی کرتے ہیں کہ ہم پورے پاکستان کو ترقی کے سفر میں شامل رکھنے کے لیے پُرعزم ہیں۔“
آخر میں انہوں نے کہا کہ آج کے دن ہم یہ عہد کرتے ہیں کہ اپنے دیہی شہریوں کی ترقی اور بہبود کے لیے بھرپور اقدامات جاری رکھیں گے، اور انہیں ایک مضبوط، مساوی اور خوشحال پاکستان کی تعمیر میں برابر کا شریک بنائیں گے۔
Comments