اسحاق ڈار کا ملک کی معاشی صورتحال پر اظہار اطمینان
- ملک میں مہنگائی کی شرح میں کمی آئی ہے جبکہ زرمبادلہ کے ذخائر 14.5 ارب ڈالر تک پہنچ چکے ہیں، میڈیا سے گفتگو
نائب وزیرِاعظم اور وزیرِ خارجہ اسحاق ڈار نے ہفتہ کے روز کہا کہ ملک میں مہنگائی کی شرح میں کمی آئی ہے جبکہ زرمبادلہ کے ذخائر 14.5 ارب ڈالر تک پہنچ چکے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ وزیرِاعظم شہباز شریف معیشت کو بہتر بنانے کی بھرپور کوشش کر رہے ہیں اور اب پاکستان ترقی کی راہ پر گامزن ہے۔ اسحاق ڈار درگاہ حضرت داتا گنج بخشؒ پر غسل کی تقریب کے بعد میڈیا سے گفتگو کر رہے تھے۔
انہوں نے کہا کہ عالمی برادری میں پاکستان کا امیج بہتر ہوا ہے اور آذربائیجان کے ساتھ 2 ارب ڈالر کی سرمایہ کاری کا معاہدہ طے پایا ہے۔
تین بار کے وزیرِاعظم نواز شریف اور سابق وزیرِاعظم و پی ٹی آئی کے بانی عمران خان کے درمیان ممکنہ ملاقات سے متعلق میڈیا رپورٹس پر سوال کے جواب میں مسلم لیگ (ن) کے سینئر رہنما نے اسے محض ’قیاس آرائی اور کسی کی خواہش‘ قرار دیا اور کہا کہ اس میں کوئی حقیقت نہیں۔ انہوں نے واضح کیا کہ نواز شریف کو کسی سے ملاقات کی ضرورت نہیں۔
ایک اور سوال کے جواب میں کہ آیا پاکستان پیپلز پارٹی (پی پی پی) وفاقی کابینہ میں شامل ہو رہی ہے، اسحاق ڈار نے کہا کہ پیپلز پارٹی نے اب تک وفاقی کابینہ میں شامل ہونے کی کوئی خواہش ظاہر نہیں کی۔ انہوں نے کہا کہ پیپلز پارٹی مرکز میں مسلم لیگ (ن) کی اتحادی ہے اور اتحادی ہی رہے گی، اور ہم ان کو مزید عزت دیں گے۔ انہوں نے مزید کہا کہ حکومتی اتحاد کو اب قومی اسمبلی میں دو تہائی اکثریت حاصل ہے۔
بھارتی جارحیت کے حوالے سے گفتگو کرتے ہوئے اسحاق ڈار نے کہا کہ پاکستان نے 9 اور 10 مئی کی درمیانی شب بھارت کو عبرتناک شکست دی۔ پاکستان نے بھارتی فضائیہ کے 6 طیارے مار گرائے، انہوں نے کہا کہ دشمن ملک کبھی یہ سبق نہیں بھولے گا جو پاکستان نے اسے سکھایا۔ تاہم، انہوں نے کہا کہ ایسی صورتِ حال میں ہمیشہ چیلنجز درپیش ہوتے ہیں۔
اسرائیلی جارحیت کے خلاف ایران کے مؤقف سے متعلق انہوں نے کہا کہ پاکستان نے اسرائیلی حملے کی شدید مذمت کی ہے۔ انہوں نے کہا کہ ایران اب اس حقیقت کو تسلیم کرتا ہے کہ پاکستان اس کا سچا دوست ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ ایرانی پارلیمنٹ میں جنگ کے دوران پاکستان کی حمایت پر اظہارِ تشکر کیا گیا۔
داتا دربار کی توسیع کے منصوبے سے متعلق گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ اُمید ہے کہ یہ منصوبہ اگلے سال کی غسل کی تقریب سے پہلے مکمل ہو جائے گا۔ انہوں نے بتایا کہ وزیراعلیٰ مریم نواز اس توسیعی/تجدید منصوبے کی منظوری دے چکی ہیں۔
کاپی رائٹ بزنس ریکارڈر، 2025
Comments