ذرائع نے بزنس ریکارڈر کو بتایا کہ ورلڈ بینک نے بجلی کی تقسیم کی کمپنیوں (ڈسکوز) کے لیے کارکردگی کو بہتر بنانے کے منصوبے کے تحت اضافی 55 ملین ڈالر کی منظوری دے دی ہے۔

ذرائع کے مطابق ورلڈ بینک نے 27 جون 2025 کو اپنے بورڈ آف ایگزیکٹو ڈائریکٹرز کی نمائندہ اتھارٹی کے تحت انٹرنیشنل ڈیولپمنٹ ایسوسی ایشن (آئی ڈی اے) کے ذریعے پاکستان کو بجلی کی تقسیم کی کارکردگی بہتر بنانے کے منصوبے کے لیے 55 ملین ڈالر اضافی مالی امداد کی منظوری دی ہے، جس کی اطلاع ورلڈ بینک نے اقتصادی امور کی وزارت کو دی ہے۔

18 جون 2025 کو ورلڈ بینک کے اسلام آباد دفتر میں تکنیکی گفتگو ہوئی جس کا مقصد حیدر آباد الیکٹرک سپلائی کمپنی (حیسکو) اور پشاور الیکٹرک سپلائی کمپنی (پیسکو) کی آپریشنل اور مالی کارکردگی کو مزید بہتر بنانا ہے۔ اضافی مالی امداد کے ذریعے اثاثہ کارکردگی مینجمنٹ سسٹمز (اے پی ایم ایس) کی بڑے پیمانے پر تنصیب کو ممکن بنایا جائے گا۔

حیسکو اورپیسکو جو فی الحال سب سے کم کارکردگی دکھانے والی ڈسکوز میں شامل ہیں، کو اب تک نجکاری کے لیے شامل نہیں کیا گیا ہے۔

اضافی مالی امداد مکمل طور پر اس منصوبے کے ترقیاتی اہداف کے مطابق ہے، جن میں منتخب کردہ ڈسٹری بیوشن کمپنیوں کے مخصوص شعبوں میں آپریشنل کارکردگی کو بہتر بنانا، بجلی کے شعبے میں اصلاحات کے ایجنڈے کی پیش رفت کی حمایت کرنا اور حکومت پاکستان اور ورلڈ بینک کے درمیان کنٹری پارٹنرشپ فریم ورک کو آگے بڑھانا شامل ہے۔

مذاکرات کے دوران حکومت پاکستان (وصول کنندہ) اور ورلڈ بینک کے درمیان مالی اعانت کے مسودہ معاہدے، حیدرآباد الیکٹرک سپلائی کمپنی اور پشاور الیکٹرک سپلائی کمپنی کے ساتھ منصوبے کے مسودہ معاہدات (منصوبے کے نفاذ کرنے والے ادارے)، منصوبے کے مسودہ دستاویز (پی پی)، ادائیگی اور مالی معلومات کے خط (ڈی ایف آئی ایل)، اور ماحولیاتی و سماجی عزم کے منصوبے (ای ایس سی پی ) پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

ورلڈ بینک کی معلومات تک رسائی پالیسی کے تحت، جب کوئی منصوبہ ملک کے ڈائریکٹر کی جانب سے مالی معاونت کے لیے منظوری پا لیتا ہے، تو ایسوسی ایشن منصوبے کے دستاویزات، قانونی معاہدے اور دیگر متعلقہ دستاویزات عوام کے لیے شائع کردیتی ہے۔ ایسوسی ایشن بورڈ کو منصوبے کی دستاویز کی تقسیم کے بعد بھی وصول کنندہ کی اجازت کے تحت، اسے عوام کے سامنے پیش کرسکتی ہے۔

ڈسکوز وہ ڈیٹا شیئر کریں گی جو منصوبے کی دستاویز میں شامل ہے اور جو خفیہ یا حساس ہوسکتا ہے اور جس کا پاکستان کی حکومت اور ورلڈ بینک کے تعلقات پر اثر پڑ سکتا ہے۔ دستاویز کی اشاعت سے متعلق کسی بھی مسئلے کو حل کرنے کے لیے پی پی کے الفاظ میں تجاویز اور ترمیمات پر بات چیت کی گئی۔

کاپی رائٹ بزنس ریکارڈر 2025

Comments

200 حروف