لکی سیمنٹ لمیٹڈ نے جمعہ کے روز پاکستان اسٹاک ایکسچینج (پی ایس ایکس) کو ایک وضاحت جاری کی ہے تاکہ سوشل میڈیا پر گردش کرنے والی ایک ویڈیو کے باعث پیدا ہونے والی افواہوں کا ازالہ کیا جا سکے۔

کمپنی نے بتایا ہے کہ عراق میں واقع اس کے سیمنٹ پلانٹ میں کچھ برقی تاروں کو معمولی نقصان پہنچا تاہم واقعے کے باوجود پلانٹ مکمل طور پر فعال ہے۔

پی ایس ایکس ریگولیشن 5.6.2 اور سیکیورٹیز ایکٹ 2015 کی شق 96 کے تحت، سوشل میڈیا پر گزشتہ روز سے گردش کرنے والی ایک ویڈیو اور کمپنی سے منسوب ایک وضاحت کے تناظر میں درج ذیل بیان جاری کیا جا رہا ہے:

اس سلسلے میں یہ اطلاع دی جاتی ہے کہ کمپنی کا سیمنٹ پلانٹ، جو سماوہ، عراق میں مشترکہ منصوبے کے تحت قائم ہے، مکمل طور پر فعال ہے اور پلانٹ کو کوئی بڑا یا مادی نقصان نہیں پہنچا۔

لکی سیمنٹ نے مزید کہا کہ یہ واقعہ ایک نامعلوم فضائی شے کے سماوہ، عراق میں نصب پری ہیٹر کے بالائی حصے سے ٹکرانے کے نتیجے میں پیش آیا ہے، جس سے کچھ برقی تاروں کو معمولی نقصان پہنچا۔

گزشتہ ماہ، لکی سیمنٹ نے اعلان کیا تھا کہ سماوہ میں واقع نجمت السماوہ (این اے ایس) میں ان کی نئی کلنکر لائن نے کام شروع کر دیا ہے۔

مئی 2023 میں لکی سیمنٹ اور عراق کے العشموق گروپ نے سماوہ میں اپنی کلنکر پیداواری صلاحیت میں 1.82 ملین ٹن سالانہ کی نئی لائن شامل کر کے اضافہ کرنے کا فیصلہ کیا تھا۔

Comments

200 حروف