ورلڈ بینک کے سبکدوش ہونے والے کنٹری ڈائریکٹر ناجی بن حسین نے پاکستان کی معاشی بحالی کو سراہتے ہوئے اسے انقلابی تبدیلی قرار دیا ہے۔
وزیراعظم آفس کی جانب سے جمعرات کو جاری بیان کے مطابق ورلڈ بینک کے اعلیٰ عہدیدار نے وزیرِاعظم شہباز شریف سے الوداعی ملاقات میں پاکستان کی معاشی کارکردگی کو سراہتے ہوئے یہ ریمارکس دیے۔
نجی بنحسین نے کہا کہ آپ کی قیادت میں پاکستان کی معیشت میں جو انقلابی تبدیلی، استحکام اور ترقی آئی ہے وہ قابلِ تحسین ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ پاکستان کی معاشی ٹیم نے ملک کو دیوالیہ ہونے کے خطرے سے بچایا اور اسے استحکام کی راہ پر گامزن کیا۔
انہوں نے مزید کہا کہ پاکستان کی موجودہ معاشی ٹیم نے مہارت کے ساتھ معیشت کو استحکام سے ترقی کی جانب لے جانے میں کلیدی کردار ادا کیا ہے۔
دریں اثنا، وزیراعظم شہباز شریف نے بھی ناجی بن حسین کی جانب سے پاکستان اور ورلڈ بینک کے درمیان شراکت داری کو مضبوط بنانے میں ادا کیے گئے کردار کو سراہا۔
وزیراعظم نے کہا کہ آپ نے پاکستان کے لئے جو کردار ادا کیا اس پر ہم آپ کے شکر گزار ہیں۔
شہباز شریف نے ناجی بن حسین سے کہا کہ پاکستانی حکام کے ساتھ کنٹری پارٹنرشپ فریم ورک پر آپ کا تعاون ہمیشہ مثبت انداز میں یاد رکھا جائے گا۔
اس موقع پر ورلڈ بینک کے آپریشنز منیجر برائے پاکستان گائی لیوس ڈراوگیلس، نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ اسحاق ڈار، وفاقی وزراء احسن اقبال، محمد اورنگزیب اور دیگر اعلیٰ حکام بھی شریک تھے۔
Comments