خضدار:اسکول بس حملے میں 3 بچوں سمیت 5 افراد شہید ، متعدد زخمی
- بزدلانہ حملے کے منصوبہ ساز، سہولت کار اور حملہ آوروں کو جلد انصاف کے کٹہرے میں لایا جائے گا،آئی ایس پی آر
انٹر سروسز پبلک ریلیشنز (آئی ایس پی آر) کے مطابق بلوچستان کے ضلع خضدار میں بدھ کو ایک اسکول بس کو دھماکے میں نشانہ بنایا گیا جس کے نتیجے میں 3 بچوں سمیت 5 افراد شہید اور متعدد افراد زخمی ہوگئے
آئی ایس پی آر کے مطابق یہ بزدلانہ حملہ بھارت کے دہشتگرد نیٹ ورک نے اپنی پراکسی تنظیموں سے کروایا، اسکول جانے والے معصوم بچوں کی بس کو نشانہ بنایا گیا۔
بھارت آپریشن بنیان مرصوص میں عبرت ناک شکست کے بعد بلوچستان اور خیبرپختونخوا میں دہشت گردی، بدامنی پھیلانے کے لیے اپنے ایجنٹوں کو استعمال کررہا ہے۔
بیان میں کہا گیا ہے کہ پاکستانی مسلح افواج، پوری قوم کی حمایت کے ساتھ بھارت کی سرپرستی میں ہونے والی دہشتگردی کا ہر سطح پر قلع قمع کریں گی۔
ضلع خضدار کے منتظم یاسر اقبال نے رائٹرز کو بتایا کہ بس فوجی چھاؤنی میں واقع ایک اسکول جارہی تھی۔
یاسر اقبال نے کہا کہ دھماکے کے وقت تقریباً 40 طلبہ بس میں موجود تھے۔
آئی ایس پی آر کے مطابق اس بزدلانہ حملے کے منصوبہ ساز، سہولت کار اور حملہ آوروں کو جلد انصاف کے کٹہرے میں لایا جائے گا۔
بھارتی ریاستی دہشت گردی کا یہ مکروہ چہرہ عالمی برادری کے سامنے بے نقاب کیا جائے گا۔
مسلح افواج، بہادر پاکستانی قوم کے تعاون سے بھارتی اسپانسرز یافتہ دہشت گردی کو پاکستان سے ہر شکل میں جڑ سے اکھاڑ پھینکنے کے لیے متحد ہیں۔
دوسری جانب وفاقی وزیرداخلہ محسن نقوی نے خضدار زیرو پوائنٹ کے قریب بس دھماکے کی شدید مذمت کی اور کہا کہ دھماکا دشمن کی ملک میں عدم استحکام پیدا کرنے کی گھناؤنی سازش ہے۔
انہوں نے بچوں کی اموات پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا اور متاثرہ خاندانوں سے دلی ہمدردی کا بھی اظہار کیا۔
محسن نقوی نے کہا کہ جو درندے معصوم بچوں کو نشانہ بناتے ہیں انہیں کوئی رعایت نہیں دی جانی چاہیے۔
Comments