وفاقی وزیر خزانہ سینیٹر محمد اورنگزیب ہفتہ کو ورلڈ بینک گروپ/انٹرنیشنل مانیٹری فنڈ (آئی ایم ایف) کے اسپرنگ اجلاس 2025 میں شرکت کے لیے امریکہ روانہ ہوگئے۔
وزارت خزانہ کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ اجلاس 21 اپریل (پیر) سے شروع ہوں گے اور 26 اپریل (ہفتہ) تک جاری رہیں گے۔
اپنے دورے کے دوران وزیر خزانہ ورلڈ بینک اور آئی ایم ایف کے اعلیٰ عہدیداروں سے ملاقاتیں کریں گے۔
بیان میں مزید کہا گیا کہ وزیر خزانہ چین، برطانیہ، سعودی عرب اور ترکیہ کے وزرائے خزانہ اور ہم منصب رہنماؤں سے بھی ملاقات کریں گے۔
وزیر خزانہ عالمی کریڈٹ ریٹنگ ایجنسیوں کے نمائندوں کے علاوہ کمرشل اور انوسٹمنٹ بینکوں کے حکام سے بھی ملاقاتیں کریں گے۔
وزارت کے مطابق محمد اورنگزیب سرمایہ کاری فورمز اور سیمینارز سے بھی خطاب کریں گے جہاں وہ ملک کی اقتصادی صورتحال کو اجاگر کریں گے۔
وہ ماحولیاتی اقدامات کے لیے وزرائے خزانہ کے اتحاد کے 13ویں وزارتی اجلاس میں بھی شرکت کریں گے۔
محمد اورنگزیب سینٹر فار گلوبل ڈیولپمنٹ (سی جی ڈی) کے زیرِ اہتمام ایک سیشن سے بھی خطاب کریں گے جس میں پاکستان میں جاری اصلاحات اور درپیش چیلنجز پر بات کریں گے۔



















Comments
Comments are closed.