اسرائیلی فوج نے ہفتہ کو اعتراف کیا ہے کہ اس نے غزہ پٹی میں ایمبولینسوں پر فائرنگ کی، انہیں مشکوک گاڑیاں قرار دے کر نشانہ بنایا۔ حماس نے اس عمل کو ”جنگی جرم“ قرار دیتے ہوئے کہا کہ اس حملے میں کم از کم ایک شخص ہلاک ہوا۔
یہ واقعہ گزشتہ اتوار کو مصر کی سرحد کے قریب جنوبی شہر رفح کے علاقے تل السلطان میں پیش آیا۔
اسرائیلی فوجیوں نے تقریبا دو ماہ کی طویل جنگ بندی کے بعد غزہ پر فضائی بمباری دوبارہ شروع کرنے کے دو دن بعد 20 مارچ کو وہاں حملہ شروع کیا تھا۔
خبر رساں ادارے اے ایف پی کے مطابق اسرائیلی فوج نے حماس کی گاڑیوں پر فائرنگ کی جس میں حماس کے متعدد رہنما شہید ہوئے۔
کچھ منٹ بعد، مزید گاڑیاں فوجیوں کی جانب مشکوک طریقے سے بڑھیں… فوجیوں نے مشکوک گاڑیوں کی طرف فائرنگ کر کے حماس اور اسلامی جہاد کے کئی ارکان کو شہید کردیا۔
فوج نے یہ نہیں بتایا کہ گاڑیوں سے فائرنگ ہو رہی تھی یا نہیں۔
بیان میں مزید کہا گیا کہ ابتدائی تفتیش کے بعد یہ معلوم ہوا کہ کچھ مشتبہ گاڑیاں… ایمبولینسیں اور فائر ٹرک تھیں۔
حماس کے ترجمان باسم نعیم نے اسرائیل پر الزام عائد کیا کہ وہ رفح شہر میں شہری دفاع اور فلسطینی ہلال احمر کی ٹیموں کے خلاف جان بوجھ کر وحشیانہ قتل عام کررہا ہے۔
انہوں نے کہاکہ ریسکیو ورکرز کا ہدف بنا کر قتل کرنا، جو کہ بین الاقوامی انسانی حقوق کے تحت محفوظ ہیں، جنیوا کنونشنز کی واضح خلاف ورزی اور ایک جنگی جرم ہے۔






















Comments
Comments are closed.