تاجرو صنعتکاروں کی نمائندہ تنظیم یونائیٹڈ بزنس گروپ (یو بی جی) کے صدر زبیر طفیل نے ڈیزل اور پٹرول کی قیمتوں میں 20 روپے فی لٹر کمی کا مطالبہ کیا ہے۔

زبیر طفیل کا کہنا ہے کہ بین الاقوامی مارکیٹ میں پٹرول کی قیمت میں نمایاں کمی ہوئی ہے اور یہ 66 ڈالر فی بیرل سے بھی نیچے گرگئی ہے۔ اس صورتحال میں حکومت عوام کو مکمل ریلیف فراہم کرے اور پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں کم از کم 20 روپے فی لٹر کمی کرے۔

انہوں نے مزید کہا کہ صنعتیں معیشت کو سہارا دینے میں متعدد کردار ادا کررہی ہیں جن میں روزگار کے مواقع پیدا کرنا، کارکنوں کی خدمات حاصل کرنا، زرمبادلہ لانا اور مقامی برادری کی مدد کرنا شامل ہیں۔

تاہم حکومت صنعتی شعبے کو ریلیف فراہم کرنے کے لیے کوئی اقدامات نہیں کر رہی جبکہ پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں نمایاں کمی ضروری ہے۔ اس کے علاوہ بجلی کی قیمتوں میں بھی کمی کی جائے۔

زبیر طفیل نے کہا کہ رمضان المبارک کے مقدس مہینے میں کراچی میں شہریوں کا جینا مشکل بنا دیا گیا ہے، کے الیکٹرک نے بڑھتے ہوئے درجہ حرارت کے باعث شہر کے کئی علاقوں میں لوڈ شیڈنگ کا دورانیہ بڑھا کر 14 گھنٹے کردیا ہے۔

نیپرا، حکومت اور کے الیکٹرک مل کر شہریوں پر بجلی کے بلوں میں اضافے کا بوجھ ڈال رہے ہیں۔ بدقسمتی سے پاکستان کی ترقی و پیشرفت میں رکاوٹیں حائل ہیں۔ جب بھی ملک ترقی کی طرف بڑھتا ہے تو رکاوٹیں کھڑی کی جاتی ہیں۔ پٹرول، بجلی، گیس اور دیگر اہم مسائل کو حل کرنا ضروری ہے، خاص طور پر چھوٹے اور درمیانے درجے کے کاروبار کے لئے جو پہلے ہی مختلف چیلنجز کا سامنا کررہے ہیں.

زبیر طفیل نے حکومت پر زور دیا کہ وہ شہر کے دیرینہ مسائل کو جنگی بنیادوں پر حل کرے اور پٹرول اور ڈیزل کی قیمتوں میں نمایاں کمی کرے تاکہ ملک بھر میں عوام اور کاروباری اداروں دونوں کو ریلیف فراہم کیا جاسکے۔

کاپی رائٹ بزنس ریکارڈر، 2025

Comments

200 حروف