بیٹری انرجی اسٹوریج پر کسٹم ڈیوٹی چھوٹ نہ ملنے پر پایونیر سیمنٹ کی ایس آئی ایف سی سے مداخلت کی درخواست
- کمپنی کے مطابق کسٹمز ایکٹ 1969 کے پانچویں شیڈول کے سیریل نمبر 11 کے تحت سولر اور ونڈ پاور منصوبوں کے لازمی حصے کے طور پر درآمد کیے جانے والے بیٹری اسٹوریج سسٹمز ڈیوٹی سے مستثنیٰ ہیں
پایونیر سیمنٹ لمیٹڈ (پی سی ایل) نے سولر پاور پلانٹس کے ساتھ درآمد کیے جانے والے بیٹری انرجی اسٹوریج سسٹمز (بی ای ایس ایس) پر کسٹم ڈیوٹی کی چھوٹ نہ دینے کے معاملے پر اسپیشل انویسٹمنٹ فیسیلیٹیشن کونسل (ایس آئی ایف سی) سے فوری مداخلت کی درخواست کردی ہے۔ کمپنی کا کہنا ہے کہ اس فیصلے سے قابل تجدید توانائی کے منصوبوں کی لاگت بڑھ رہی ہے اور سرمایہ کاروں کا اعتماد متاثر ہورہا ہے۔
ایس آئی ایف سی کے نیشنل کوآرڈینیٹر کو لکھے گئے خط میں کمپنی کے چیف آپریٹنگ آفیسر سہیل صادق نے درخواست کی ہے کہ اس معاملے کو فیڈرل بورڈ آف ریونیو (ایف بی آر)، وزارت توانائی، نیپرا اور پاکستان پرائیویٹ پاور اینڈ انفرااسٹرکچر بورڈ (پی پی آئی بی) کے ساتھ اٹھایا جائے تاکہ متعلقہ کسٹم ڈیوٹی چھوٹ کی یکساں تشریح یقینی بنائی جاسکے۔
کمپنی کے مطابق کسٹمز ایکٹ 1969 کے پانچویں شیڈول کے سیریل نمبر 11 کے تحت سولر اور ونڈ پاور منصوبوں کے لازمی حصے کے طور پر درآمد کیے جانے والے بیٹری اسٹوریج سسٹمز ڈیوٹی سے مستثنیٰ ہیں۔
تاہم ایف بی آر کی جانب سے ریان انرجی لمیٹڈ کے ایک انفرادی کیس میں 4 نومبر 2026 کو جاری کردہ خط کے بعد کسٹمز حکام نے بی ای ایس ایس کی درآمد پر عمومی طور پر ڈیوٹی چھوٹ دینے سے انکار شروع کردیا ہے۔ اس کے نتیجے میں سولر پینلز، انورٹرز اور دیگر آلات پر مشتمل مکمل سولر پاور پلانٹس کی کھیپیں کراچی میں رک گئی ہیں، جس سے ڈیمریج اور ڈیٹینشن چارجز سمیت اضافی اخراجات کا خدشہ ہے۔
پایونیر سیمنٹ کا مؤقف ہے کہ الگ سے درآمد کی جانے والی بیٹری اور مکمل قابل تجدید توانائی منصوبے کے لازمی جزو کے طور پر درآمد ہونے والے بی ای ایس ایس کو ایک جیسا تصور نہیں کیا جاسکتا۔ کمپنی کے مطابق بیٹری اسٹوریج دن کے وقت پیدا ہونے والی شمسی بجلی کو شام اور رات کے اوقات میں استعمال کے قابل بناتا ہے۔
کمپنی نے نیپرا کے 4 ستمبر 2026 کے فیصلے کا حوالہ بھی دیا ہے، جس کے تحت وہ سولر اور ونڈ منصوبے جو وہیلنگ آکشن میں حصہ لیں گے، ان کے لیے اپنی پیداواری صلاحیت کے کم از کم 10 فیصد کے برابر بیٹری اسٹوریج نصب کرنا لازمی قرار دیا گیا ہے۔ کمپنی کے مطابق ایک جانب نیپرا اس نظام کی تنصیب لازمی قرار دے رہا ہے جبکہ دوسری جانب اسی آلات پر مکمل کسٹم ڈیوٹی اور ٹیکس عائد کیے جارہے ہیں۔
خط میں ایس آئی ایف سی سے مطالبہ کیا گیا ہے کہ ایف بی آر متعلقہ اداروں سے مشاورت کے بعد عمومی وضاحت جاری کرے، متاثرہ درآمدی کھیپوں کو کسٹمز ایکٹ کی دفعہ 81 کے تحت مناسب ضمانت پر عارضی طور پر کلیئر کرنے کی ہدایت دے اور متاثرہ درآمد کنندگان و منصوبہ سازوں کے ساتھ اجلاس منعقد کرے۔
کمپنی نے خبردار کیا ہے کہ اس معاملے پر غیر یقینی صورتحال برقرار رہنے سے قابل تجدید توانائی کے منصوبوں کی لاگت اور سرمایہ کاری کی واپسی کا دورانیہ بڑھ سکتا ہے، جس سے صنعتوں کے لیے بجلی کے اخراجات کم کرنے کی حکومتی کوششیں متاثر ہوں گی۔
کاپی رائٹ بزنس ریکارڈر، 2026


Comments