اگر امریکا نے ایران پر مزید حملے کیے تو نئے اہداف کو نشانہ بنائیں گے، پاسداران انقلاب
- ہم نئی صلاحیتوں کے حامل نئے ہتھیار میدانِ جنگ میں متعارف کرائیں گے اور دنیا حیران رہ جائے گی، ترجمان
ایران کے پاسدارانِ انقلاب نے پیر کے روز خبردار کیا ہے کہ اگر امریکا نے ایران پر مزید حملے کیے تو وہ نئے اہداف کو نشانہ بنائیں گے اور نئے ہتھیار استعمال کریں گے۔
جنگ شروع ہوئے تقریباً سات ماہ گزر چکے ہیں، تاہم تہران اور واشنگٹن کے درمیان اب بھی تعطل برقرار ہے، اگرچہ دونوں میں سے کوئی بھی فریق مکمل جنگ کی جانب واپس جانے کے لیے تیار دکھائی نہیں دیتا۔
ایرانی فوج کے نظریاتی بازو، اسلامی پاسدارانِ انقلاب کے ایک ترجمان نے ایک بیان میں کہا کہ اگر امریکا کی جانب سے نیا حملہ کیا گیا تو ہماری دفاعی حکمت عملی اور جوابی کارروائی میں یقینی طور پر نمایاں تبدیلیاں ہوں گی۔
انہوں نے کہا کہ ہم نئی صلاحیتوں کے حامل نئے ہتھیار میدانِ جنگ میں متعارف کرائیں گے اور دنیا حیران رہ جائے گی۔
انہوں نے مزید کہا کہ ضروری نہیں کہ ہمارے اہداف بھی پہلے جیسے ہوں۔ ہمارے پاس ایسے نئے اہداف موجود ہیں جنہیں ابھی تک نشانہ نہیں بنایا گیا۔
پاسدارانِ انقلاب نے یہ بھی کہا کہ وہ طویل جنگ کے لیے تیار ہیں۔
ہفتے کے روز ایرانی فوج کی مرکزی کمان نے سرکاری ٹیلی ویژن کے مطابق کہا تھا کہ امریکا تہران کے خلاف نئی کارروائی کی منصوبہ بندی کر رہا ہے، تاہم اس نے مزید تفصیلات نہیں بتائیں۔
گزشتہ ماہ کے اختتام پر کشیدگی میں اضافے کے بعد حالیہ دنوں میں امریکا اور ایران کے درمیان لڑائی میں کمی آئی ہے، تاہم تہران آبنائے ہرمز میں تجارتی بحری جہازوں کے خلاف وقفے وقفے سے حملے جاری رکھے ہوئے ہے۔
دونوں فریق دباؤ بڑھانے کی کوشش میں اس آبی گزرگاہ میں ایک دوسرے کے خلاف ناکہ بندی جاری رکھے ہوئے ہیں۔


Comments