ڈپٹی وزیراعظم اسحاق ڈار کا عالمی امور میں اقوام متحدہ کے مرکزی کردار کی حمایت کا اظہار
- بین الاقوامی قوانین اور معاہدوں پر عملدرآمد کے لیے پاکستان کے پختہ عزم کا اعادہ
نائب وزیراعظم اور وزیرِ خارجہ سینیٹر محمد اسحاق ڈار نے عالمی امور میں کثیر الجہتی (ملٹی لیٹرل ازم) کو مضبوط بنانے اور اقوامِ متحدہ کے مرکزی کردار کو یقینی بنانے کے لیے پاکستان کی مکمل حمایت کا اظہار کیا ہے۔
انہوں نے ان خیالات کا اظہار ایکواڈور کی سابق وزیرِ خارجہ اور اقوامِ متحدہ کے سیکرٹری جنرل کے عہدے کی موجودہ امیدوار ماریا فرنانڈا اسپینوزا سے گفتگو کرتے ہوئے کیا، جنہوں نے اسلام آباد میں ان سے ملاقات کی۔
ماریا فرنانڈا کا خیرمقدم کرتے ہوئے نائب وزیراعظم نے امید ظاہر کی کہ نئے آنے والے سیکرٹری جنرل اقوامِ متحدہ میں انتہائی ضروری اصلاحات لائیں گے اور اقوامِ متحدہ کی سلامتی کونسل کی دیرینہ قراردادوں پر عملدرآمد کو یقینی بنائیں گے، بالخصوص فلسطین اور جموں و کشمیر کے حوالے سے، جو کہ مشرقِ وسطیٰ اور جنوبی ایشیا میں پائیدار امن کے لیے انتہائی اہم ہیں۔
ڈپٹی وزیراعظم اسحاق ڈار نے اقوامِ متحدہ کے چارٹر کے مقاصد اور اصولوں کو فروغ دینے، بین الاقوامی قوانین اور معاہدوں کے احترام اور عالمی امن و خوشحالی کے لیے فعال بین الاقوامی تعاون کو جاری رکھنے کے لیے پاکستان کے پختہ عزم کا اعادہ کیا۔


Comments