وزیر خزانہ نے پہلے پاکستانی پانڈا بانڈ کے اجرا کو دوطرفہ معاشی روابط کی نئی تاریخ قرار دے دیا
- چین میں پائیدار پانڈا بانڈ جاری کرنے والا جنوبی ایشیا کا پہلا ملک پاکستان، اپنے پہلے اجرا میں توقع سے بڑھ کر سرمایہ حاصل کرنے میں کامیاب رہا
وفاقی وزیر خزانہ محمد اورنگزیب نے پاکستان کے پہلے پانڈا بانڈ کے کامیاب اجرا کو چین اور عالمی کیپیٹل مارکیٹس کے ساتھ ملک کے اقتصادی و مالیاتی تعلقات میں ایک تاریخی سنگ میل قرار دیا ہے۔
بیجنگ میں پانڈا بانڈ کے افتتاحی اجرا کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے محمد اورنگزیب نے کہا کہ ہم پاکستان کے لیے ایک حقیقی سنگ میل یعنی چین میں پاکستان کے پہلے پانڈا بانڈ کے کامیاب اجرا کا جشن منا رہے ہیں۔پاکستان نے جمعرات کو چین کی مقامی (آن شور) کیپیٹل مارکیٹ میں اپنے پہلے پانڈا بانڈ کا اجرا مکمل کیا، جس سے دنیا کی دوسری بڑی اور گہری کیپیٹل مارکیٹ میں ملک کا پہلا داخلہ ممکن ہوا۔
وزیر خزانہ نے کہا کہ یہ کامیابی عالمی کیپیٹل مارکیٹس کے تناظر میں چین کے ساتھ پاکستان کے اقتصادی اور مالیاتی روابط کے ایک نئے باب کا آغاز ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ پانڈا بانڈ کا اجرا ہمارے معاشی تعاون کی بڑھتی ہوئی پختگی اور پاکستان پر چینی اداروں اور سرمایہ کاروں کے اعتماد کی عکاسی کرتا ہے۔ انہوں نے بتایا کہ پاکستان جنوبی ایشیا سے پانڈا بانڈ جاری کرنے والا پہلا ملک بن گیا ہے۔
محمد اورنگزیب نے شرکاء کو بتایا کہ پاکستان نے چینی ریگولیٹرز، ترقیاتی شراکت داروں اور مشیروں کے ساتھ دو سال کی وسیع تیاری کے بعد 7.2 بلین یوآن کا پانڈا بانڈ پروگرام کامیابی سے قائم کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہمارا مقصد چینی کیپیٹل مارکیٹ میں پاکستان کی طویل مدتی موجودگی کو یقینی بنانا اور مستقبل کے سرکاری بانڈز کے لیے ایک پائیدار پلیٹ فارم بنانا تھا۔
انہوں نے نوٹ کیا کہ 1.75 بلین یوآن کے پہلے اجرا کو زبردست مثبت ردعمل ملا اور اسے ہدف سے کہیں زیادہ (اوور سبسکرائب) پذیرائی ملی، جو پاکستان کے معاشی نقطہ نظر اور اصلاحاتی ایجنڈے پر سرمایہ کاروں کے پختہ اعتماد کو ظاہر کرتی ہے۔ وزیر خزانہ نے لیڈ انڈر رائٹر چائنا انٹرنیشنل کیپیٹل کارپوریشن (سی آئی سی سی)، بینک آف چائنا، اسٹینڈرڈ چارٹرڈ بینک، ہونگٹا سیکیورٹیز اور مالیاتی مشیرایچ بی ایل کے کردار کو سراہا۔ انہوں نے ایشیائی انفرااسٹرکچر انویسٹمنٹ بینک (اے آئی آئی بی) اور ایشیائی ترقیاتی بینک (اے ڈی بی) کا بھی شکریہ ادا کیا جن کی ضمانتوں نے اس داخلے کو آسان بنایا۔
بانڈ کی پائیداری کے پہلو پر روشنی ڈالتے ہوئے محمد اورنگزیب نے کہا کہ یہ پاکستان کا پہلا پائیدار پانڈا بانڈ ہے، جس سے حاصل ہونے والی رقم پانی، توانائی اور صحت کے شعبوں کے منصوبوں کے لیے وقف کی گئی ہے، جو جامع اور پائیدار ترقی کے حکومتی عزم کو ظاہر کرتی ہے۔
ملک کی معاشی ترقی پر بات کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ پاکستان کی معیشت استحکام اور اصلاحات کے دور سے گزر رہی ہے۔ انہوں نے جی ڈی پی میں نمو، افراط زر میں نمایاں کمی، زرمبادلہ کے ذخائر میں بہتری اور برآمدات و ترسیلاتِ زر میں استحکام جیسے اشاریوں پر روشنی ڈالی۔ وزیر خزانہ نے مزید کہا کہ حکومت ٹیکس نظام کی ڈیجیٹلائزیشن، توانائی کے شعبے میں گردشی قرضوں کے خاتمے اور سرکاری اداروں کی نجکاری جیسے اقدامات پر تیزی سے کام کر رہی ہے۔انہوں نے آئی ایم ایف پروگرام کے ساتھ پاکستان کے پختہ عزم کا اعادہ بھی کیا اور اس عمل میں معاونت فراہم کرنے پر چینی حکومت اور متعلقہ اداروں کا شکریہ ادا کیا۔


Comments