ترقیاتی اخراجات میں بھاری کٹوتی
- وفاقی ترقیاتی اخراجات میں مسلسل کٹوتیوں کی بنیادی وجوہات بڑھتے قرضوں کی ادائیگی اور آئی ایم ایف کے تحت بجٹ خسارے میں کمی کا دباؤ ہے
پلاننگ کمیشن نے مالی سال 2026-27 کے پہلے چار ماہ کے دوران وفاقی ترقیاتی اخراجات کے تخمینے جاری کردیے ہیں۔ اس عرصے میں ترقیاتی اخراجات 103.9 ارب روپے رہے، جو رواں مالی سال کے وفاقی پبلک سیکٹر ڈویلپمنٹ پروگرام (پی ایس ڈی پی) کے سالانہ مختص بجٹ کا محض 10.4 فیصد ہیں۔
وفاقی پی ایس ڈی پی کے لیے سالانہ بجٹ میں ایک ہزار ارب روپے مختص کیے گئے ہیں۔ یہ رقم گزشتہ مالی سال کے مقابلے میں حقیقی معنوں میں تقریباً 20 فیصد کمی کی عکاسی کرتی ہے۔ مزید یہ کہ مالی سال 2025-26 میں وفاقی ترقیاتی اخراجات مجموعی قومی پیداوار (جی ڈی پی) کا محض 0.9 فیصد رہے، جبکہ دو دہائیاں قبل یہ شرح 2.3 فیصد سے زیادہ تھی۔
یہ وفاقی سطح پر ترقیاتی اخراجات میں طویل مدتی کمی کے مسلسل عمل کی نشاندہی کرتا ہے۔ اس بات کو تسلیم کرنے کی ضرورت ہے کہ بنیادی ڈھانچے اور سماجی خدمات پر حکومتی اخراجات نجی سرمایہ کاری کی افادیت اور منافع بخش ہونے کے امکانات پر مثبت اثرات مرتب کرتے ہیں۔ اس طرح مجموعی طور پر معاشی ترقی کے عمل کو فروغ ملتا ہے۔
وفاقی سطح پر ترقیاتی اخراجات میں کمی اور کٹوتیوں کے پیچھے دو بنیادی وجوہات کارفرما ہیں۔ پہلی وجہ مالیاتی گنجائش پیدا کرنا ہے ، تاکہ بڑھتے ہوئے عوامی قرضوں اور بڑے بجٹ خساروں کے نتیجے میں قرضوں پر سود اور اصل رقم کی ادائیگی کی بڑھتی ہوئی ذمہ داریوں کو پورا کیا جاسکے۔
دوسری وجہ یہ ہے کہ خصوصاً ان برسوں میں جب پاکستان عالمی مالیاتی فنڈ (آئی ایم ایف) کے پروگرام کے تحت ہوتا ہے، بجٹ خسارے میں نمایاں کمی بنیادی اہداف میں شامل ہوتی ہے۔ چونکہ جاری اخراجات میں فوری کمی کرنا مشکل ہوتا ہے، اس لیے ترقیاتی اخراجات کے صوابدیدی حصے میں کٹوتی کی جاتی ہے۔
مالی سال 2005-06 سے 2025-26 تک سرکاری مالیاتی امور کے رجحانات کا طویل مدتی جائزہ لیا گیا ہے۔
اس عرصے کے دوران وفاقی اور صوبائی حکومتوں کی آمدنی میں نمایاں اضافہ ہوا اور یہ جی ڈی پی کے 11.1 فیصد سے بڑھ کر مالی سال 2025-26 میں 15.6 فیصد تک پہنچ گئی۔ اس اضافے کا دو تہائی حصہ ٹیکس آمدنی اور جی ڈی پی کے تناسب میں بہتری کی وجہ سے حاصل ہوا۔
آمدنی میں اس اضافے سے وفاقی اور صوبائی حکومتوں کے مجموعی ترقیاتی اخراجات میں اضافے کی راہ ہموار ہونی چاہیے تھی۔ مالی سال 2005-06 میں ترقیاتی اخراجات جی ڈی پی کے 4 فیصد کے نسبتاً بلند تناسب پر تھے، جو مالی سال 2015-16 میں بھی برقرار رہے۔ تاہم اس کے بعد کمی کا رجحان شروع ہوا اور مالی سال 2025-26 تک یہ شرح گھٹ کر 2.6 فیصد رہ گئی۔
اس کمی کی بنیادی وجہ قرضوں کی ادائیگیوں میں نمایاں اضافہ تھا، جو مالی سال 2005-06 میں جی ڈی پی کے 2.4 فیصد سے بڑھ کر مالی سال 2025-26 میں 5.5 فیصد تک پہنچ گئیں۔ اس صورتحال کے باعث بجٹ خسارے کو قابلِ انتظام سطح پر رکھنے کے لیے ترقیاتی اخراجات میں کٹوتی ناگزیر ہوگئی۔
جدول میں سرکاری اخراجات کے اہم اجزا، جنہیں عموماً تھری ڈی کہا جاتا ہے، کی سطح اور درجہ بندی میں ہونے والی تبدیلیوں کو اجاگر کیا گیا ہے۔
تھری ڈی یعنی ترقیاتی اخراجات، قرضوں کی ادائیگیوں اور دیگر اہم سرکاری اخراجات کی درجہ بندی میں بنیادی تبدیلی جدول سے واضح ہوتی ہے۔ مالی سال 2015-16 تک ترقیاتی اخراجات سب سے زیادہ تھے، تاہم اس کے بعد یہ تیسرے نمبر پر آگئے۔ قرضوں کی ادائیگیوں میں جی ڈی پی کے تناسب سے 3.1 فیصد اضافہ ہوا، جبکہ اس کے ساتھ ترقیاتی اخراجات کا تناسب جی ڈی پی کے 4 فیصد سے کم ہوکر 2.6 فیصد رہ گیا۔
ترقیاتی اخراجات کے حوالے سے ایک اور اہم رجحان وفاقی حکومت کے حصے میں نمایاں کمی ہے، خصوصاً ساتویں قومی مالیاتی کمیشن (این ایف سی) ایوارڈ کے بعد، جس کے تحت قابلِ تقسیم محاصل میں صوبائی حکومتوں کا حصہ نمایاں طور پر بڑھا دیا گیا تھا۔
قومی ترقیاتی اخراجات میں وفاقی حکومت کا حصہ مالی سال 2005-06 میں 56 فیصد تک تھا، جو مالی سال 2025-26 تک کم ہوکر 34 فیصد رہ گیا۔ درحقیقت گزشتہ ایک دہائی کے دوران وفاقی ترقیاتی اخراجات کی حقیقی مالیت میں 52 فیصد سے زیادہ کمی واقع ہوئی ہے۔
وفاقی سطح پر ترقیاتی اخراجات میں حقیقی معنوں میں اتنی بڑی کٹوتی کے کیا اثرات مرتب ہوں گے؟
اس حوالے سے سب سے پہلے وفاقی پبلک سیکٹر ڈویلپمنٹ پروگرام (پی ایس ڈی پی) میں مختلف شعبوں کے لیے مختص بجٹ کی تقسیم کا جائزہ لینا ضروری ہے۔ چار شعبے ایسے ہیں جن کے لیے مجموعی ترقیاتی بجٹ کا 65 فیصد مختص کیا گیا ہے۔ ان میں شاہراہیں، صوبے اور خصوصی علاقے، آبی وسائل اور بجلی کی تقسیم کے شعبے شامل ہیں۔
پی ایس ڈی پی میں ان شعبوں کے حصص بالترتیب شاہراہوں کے لیے 22.4 فیصد، صوبوں اور خصوصی علاقوں کے لیے 23.3 فیصد، آبی وسائل کے لیے 10.3 فیصد اور بجلی کی تقسیم کے لیے 8.8 فیصد ہیں۔
جاری منصوبوں پر عمل درآمد کی صورتحال کو بھی اجاگر کرنے کی ضرورت ہے۔ مثال کے طور پر آبی وسائل کے شعبے میں اس وقت 50 منصوبے زیرِ تکمیل ہیں، جن کی مجموعی لاگت 4,059 ارب روپے ہے۔ ان منصوبوں کی تکمیل کے لیے درکار باقی ماندہ رقم 1,555 ارب روپے ہے۔ تاہم مالی سال 2026-27 کے لیے اس شعبے کو صرف 105 ارب روپے مختص کیے گئے ہیں، جو باقی ماندہ لاگت کا محض 7 فیصد ہے۔
اس کا مطلب ہے کہ موجودہ فنڈز کی فراہمی برقرار رہنے کی صورت میں کئی زیرِ تکمیل منصوبوں کو مکمل ہونے میں مزید تقریباً 15 سال لگ سکتے ہیں۔ اس دوران منصوبوں کی لاگت میں مہنگائی کے باعث مسلسل اضافہ بھی ہوتا رہے گا۔
خصوصاً آبی وسائل کے شعبے کی غیر معمولی اہمیت کو سمجھنے کی ضرورت ہے۔ بھارت کے سندھ طاس معاہدے سے الگ ہونے کے بعد پانی کی فراہمی میں کسی بھی ممکنہ کمی سے نمٹنے کے لیے اسٹریٹیجک اقدامات ناگزیر ہیں۔ واضح طور پر رواں مالی سال اس شعبے کے لیے مختص رقم کم از کم بجٹ میں مختص رقم سے دوگنا ہونی چاہیے تھی۔
مزید یہ کہ مالی سال 2026-27 میں وفاقی پی ایس ڈی پی کو تقریباً ایک ہزار ارب روپے کی سطح پر برقرار رکھنے کے لیے بظاہر آئین کے آرٹیکل 164 کے تحت ایک خصوصی انتظام کیا گیا ہے۔ اس انتظام کے تحت صوبائی حکومتوں سے توقع کی جارہی ہے کہ وہ قومی اقتصادی اقدامات کے لیے وفاقی حکومت کو ایک ہزار ارب روپے بطور گرانٹ فراہم کریں گی۔
نتیجتاً صوبائی حکومتوں کے مشترکہ ترقیاتی بجٹ میں 700 ارب روپے سے زیادہ کی کمی کردی گئی ہے۔ واضح طور پر یہ ایک پائیدار انتظام نہیں ہے۔ درحقیقت بنیادی سماجی خدمات کی فراہمی میں اضافے کے لیے مختص ہونے والے بعض اضافی وسائل کو ختم کرکے انہیں طبعی بنیادی ڈھانچے میں زیادہ سرمایہ کاری پر صرف کیا جارہا ہے۔
اب وقت آگیا ہے کہ اہم پالیسی اصلاحات اور اقدامات کیے جائیں، تاکہ وفاقی پی ایس ڈی پی کے لیے نمایاں طور پر زیادہ فنڈز مختص کیے جاسکیں اور تیز رفتار معاشی ترقی کے لیے ضروری بنیادی ڈھانچہ اور خدمات فراہم کی جاسکیں۔
اس مقصد کے لیے پانچ اہم اقدامات ضروری ہیں :
اول، وفاقی حکومت کے جاری اخراجات میں کمی کی جائے۔ اس میں ان وزارتوں کے اخراجات بھی شامل ہیں جن کا وفاقی سطح پر برقرار رہنا ضروری نہیں، حکومت چلانے کے انتظامی اخراجات اور پاور سیکٹر کی سبسڈیز شامل ہیں۔
دوم، ٹیکس اصلاحات نافذ کی جائیں ، تاکہ ٹیکس نیٹ کو وسعت دے کر وفاقی ٹیکس آمدنی اور جی ڈی پی کے تناسب میں اضافہ کیا جاسکے۔ اس مقصد کے لیے جائیدادوں کی مالیت، کرایوں اور ریٹیل شعبے کی آمدنی کو زیادہ مؤثر انداز میں ٹیکس نیٹ میں شامل کرنا ضروری ہے۔
سوم، عوامی خدمات کی فراہمی میں پبلک پرائیویٹ پارٹنرشپ (سرکاری و نجی شعبے کی شراکت داری) کو زیادہ مؤثر انداز میں فروغ دینے کی کوشش کی جائے۔
چہارم، نئے منصوبوں کے لیے فنڈز مختص کرنے کو کم سے کم رکھا جائے۔
پنجم، پہلے سے جاری اور تکمیل کے قریب پہنچنے والے منصوبوں کے لیے فنڈز میں اضافے کو ترجیح دی جائے ، تاکہ ان کے ترقیاتی فوائد کو زیادہ سے زیادہ حاصل کیا جاسکے۔
مجموعی طور پر اگر ملکی معیشت کی شرح نمو کو پائیدار بنیادوں پر بڑھانا ہے تو ترقیاتی اخراجات میں بڑے پیمانے پر اضافہ ناگزیر ہے، خصوصاً وفاقی سطح پر ترقیاتی فنڈز میں خاطر خواہ اضافہ وقت کی اہم ضرورت ہے۔
کاپی رائٹ : بزنس ریکارڈر 2026