✕
دنیا

روس سے منسلک بحری جہازوں پر پابندیاں سخت کی جائیں، برطانوی وزیر خزانہ

  • برطانیہ نے روس کی جنگی سرگرمیوں کے لیے استعمال ہونے والی بحری نقل و حمل اور متعلقہ خدمات پر متعدد پابندیاں عائد کر رکھی ہیں۔
شائع اپ ڈیٹ

برطانوی وزیر خزانہ جان ہیلی نے دیگر ممالک پر زور دیا ہے کہ وہ روس سے منسلک بحری جہازوں اور ان کی خدمات پر پابندیاں مزید سخت کریں تاکہ یوکرین کے خلاف جنگ میں روس کی مالی معاونت روکی جاسکے۔

بینکاک میں عالمی مالیاتی فنڈ (آئی ایم ایف) کے سالانہ اجلاسوں کے موقع پر گفتگو کرتے ہوئے جان ہیلی نے کہا کہ یوکرین کے معاملے پر روس کے خلاف سخت اقتصادی پابندیوں کا سلسلہ برقرار رکھنا ضروری ہے، خصوصاً ان بحری خدمات پر پابندی سخت کی جائے جو روسی صدر ولادیمیر پیوٹن کے پابندیوں سے بچنے کے لیے استعمال ہونے والے خفیہ بحری بیڑے کو کام کرنے میں مدد دیتی ہیں۔

برطانیہ نے روس کی جنگی سرگرمیوں کے لیے استعمال ہونے والی بحری نقل و حمل اور متعلقہ خدمات پر متعدد پابندیاں عائد کر رکھی ہیں۔

تاہم ایک امریکی عہدیدار کے مطابق ٹرمپ انتظامیہ عالمی مال برداری کے ریکارڈ بلند اخراجات کم کرنے کے لیے روس، ایران اور وینزویلا سے تیل لے جانے والے بعض خفیہ بحری جہازوں پر پابندیاں نرم کرنے پر غور کررہی ہے۔

جان ہیلی نے مزید کہا کہ برطانیہ یوکرین کے چورنوبل جوہری بجلی گھر کی مرمت کے لیے ایک کروڑ 70 لاکھ پاؤنڈ فراہم کرے گا، جسے گزشتہ سال روسی ڈرون حملے میں نقصان پہنچا تھا۔ انہوں نے برطانیہ کے قرضوں میں کمی کے منصوبے کی آئی ایم ایف کی حمایت کا خیرمقدم کرتے ہوئے کہا کہ وہ 28 اکتوبر کو پیش کیے جانے والے بجٹ میں اس حکمت عملی پر قائم رہیں گے۔