✕
پاکستان

پاکستان ایران مذاکرات میں تنازع پر گفتگو میں اہم پیش رفت ہوئی، محسن نقوی

  • بیان کے مطابق دونوں جانب سے علاقائی امن اور تنازع کے مذاکرات کے ذریعے حل تک پہنچنے کے طریقہ کار پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا۔
شائع اپ ڈیٹ

وزیر داخلہ محسن نقوی نے منگل کو تہران کے دورے کے اختتام پر کہا ہے کہ پاکستان اور ایران کے درمیان مذاکرات میں اہم پیش رفت ہوئی ہے، جن میں ایران کے خلاف امریکا اور اسرائیل کی جنگ اور امن کی جانب پیش رفت کے راستے پر توجہ مرکوز کی گئی۔

پاکستانی فوج کی جانب سے آرمی چیف فیلڈ مارشل عاصم منیر اور ایرانی قیادت کے درمیان ملاقات کے حوالے سے جاری بیان میں کہا گیا کہ دونوں فریقوں کے درمیان مذاکرات میں مزید کشیدگی روکنے کے اقدامات، آبنائے ہرمز کو دوبارہ کھولنے اور تنازع کے فوری خاتمے پر گفتگو کی گئی۔

بیان کے مطابق دونوں جانب سے علاقائی امن اور تنازع کے مذاکرات کے ذریعے حل تک پہنچنے کے طریقہ کار پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا۔

وزیر داخلہ محسن نقوی جو فیلڈ مارشل عاصم منیر کے ہمراہ تہران گئے تھے، نے ایکس پر جاری اپنی پوسٹ میں کہا کہ ایرانی صدر نے اپنی حکومت کا مؤقف کھل کر پیش کیا اور ہم نے زیرِ بحث معاملات پر انتہائی تعمیری تبادلہ خیال کیا۔

رائٹرز نے پیر کو رپورٹ کیا تھا کہ فیلڈ مارشل عاصم منیر نے اپنے دورہ تہران سے قبل امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ سے بات کی تھی۔

ٹرمپ نے گزشتہ ہفتے خبردار کیا تھا کہ جو بھی ملک کسی بھی قسم کی لائف لائن ایران کو فراہم کرے گا اسے اقتصادی نتائج کا سامنا کرنا پڑے گا، کیونکہ وہ ایران کو عالمی سطح پر تنہا کرنے کی کوشش کر رہے ہیں۔

دوسری جانب ایران نے خلیج سے تمام تیل کی برآمدات بند کرنے کی دھمکی دی ہے۔