حکومت کا ریفائنریوں سے مذاکرات کے بعد ڈیزل کی قیمت میں 30 روپے سے زائد کمی کا اعلان
- وزیر پٹرولیم کا کہنا ہے کہ اوگرا جلد نئی قیمتوں کا نوٹیفکیشن جاری کرے گا
حکومت نے بدھ کو تیل ریفائنریوں کے ساتھ کامیاب مذاکرات کے بعد ڈیزل کی قیمت میں 30 روپے فی لیٹر سے زائد کمی کا اعلان کردیا۔ مذاکرات کا مقصد عالمی سطح پر ایندھن کی بلند قیمتوں کے باعث صارفین کو ریلیف فراہم کرنا تھا۔
وزیر پٹرولیم علی پرویز ملک نے بتایا کہ ریفائنریوں نے حکومت کی درخواست پر مقامی طور پر تیار ہونے والے ڈیزل کی قیمت میں 30 سے 32 روپے فی لیٹر سے زائد کمی پر اتفاق کیا ہے۔
وزیر نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ وزیراعظم شہباز شریف نے پٹرولیم ڈویژن کو ریفائنریوں سے رابطہ کرکے صارفین کے لیے ممکنہ ریلیف حاصل کرنے کی ہدایت کی تھی۔
ملک نے کہا، ’’ریفائنریوں کے ساتھ دو تین ورچوئل اجلاسوں کے بعد انہوں نے حکومت کا مطالبہ تسلیم کرتے ہوئے ڈیزل کی قیمت میں 30 سے 32 روپے سے زائد کی نمایاں کمی پر اتفاق کیا ہے۔‘‘
انہوں نے مزید بتایا کہ حتمی کمی کا تعین آئل اینڈ گیس ریگولیٹری اتھارٹی (اوگرا) اپنے حساب کتاب مکمل کرنے کے بعد کرے گی۔
وفاقی وزیر اطلاعات عطا اللہ تارڑ نے کہا کہ وزیراعظم نے دن کے اوائل میں ایک اجلاس کی صدارت کی اور پٹرولیم وزیر اور سیکریٹری کو ہدایت کی کہ ریفائنریوں سے مذاکرات کرکے ممکنہ ریلیف عوام تک منتقل کرنے کو یقینی بنایا جائے۔
عطاء تارڑ نے کہا، ’’اوگرا جلد ڈیزل کی قیمت میں 32 روپے کمی کا اعلان کرے گا۔‘‘ انہوں نے کہا کہ ڈیزل کی پیداوار میں ریفائننگ ایک اہم جزو ہے اور حکومت مذاکرات کے ذریعے ریلیف حاصل کرنے میں کامیاب رہی ہے۔
انہوں نے کہا کہ حکومت عوام کو درپیش معاشی مشکلات سے آگاہ ہے، بالخصوص ایسے وقت میں جب مشرق وسطیٰ میں جاری تنازع کے باعث عالمی سطح پر تیل کی قیمتیں بڑھ گئی ہیں۔
عطاء تارڑ نے کہا کہ حکومت اس سے قبل بھی سبسڈی اور ہدفی ریلیف کے اقدامات کرچکی ہے اور مشکل معاشی حالات کے دوران ایندھن کی قیمتوں میں اضافے کو محدود رکھنے کے لیے 130 ارب روپے خرچ کیے گئے۔
انہوں نے حالیہ کمی کو عوام کے لیے بڑا ریلیف قرار دیتے ہوئے کہا کہ ڈیزل سامان بردار گاڑیوں اور پبلک ٹرانسپورٹ میں بڑے پیمانے پر استعمال ہوتا ہے، اس لیے قیمت میں کمی سے نقل و حمل کے اخراجات کم کرنے اور صارفین پر دباؤ گھٹانے میں مدد مل سکتی ہے۔
عطاء تارڑ نے امید ظاہر کی کہ اس کمی سے معاشی سرگرمیوں پر مثبت اثر پڑے گا اور آنے والے دنوں میں مزید اچھی پیش رفت متوقع ہے۔