پاکستان

یورپی یونین کی خارجہ پالیسی سربراہ کایا کالاس کل پاکستان کا دورہ کرینگی

  • یہ دورہ نائب وزیراعظم اور وزیر خارجہ محمد اسحاق ڈار کی دعوت پر ہو رہا ہے، دفتر خارجہ
شائع اپ ڈیٹ

یورپی یونین کی خارجہ امور اور سلامتی پالیسی کی اعلیٰ نمائندہ اور یورپی کمیشن کی نائب صدر کایا کالاس یکم جون کو پاکستان کا سرکاری دورہ کریں گی، جس کا مقصد پاکستان اور یورپی یونین کے درمیان دوطرفہ روابط اور علاقائی تعاون کو مزید فروغ دینا ہے۔

دفتر خارجہ کے مطابق یہ دورہ نائب وزیراعظم اور وزیر خارجہ محمد اسحاق ڈار کی دعوت پر ہو رہا ہے۔ اپنے قیام کے دوران کایا کالاس اور اسحاق ڈار پاکستان-یورپی یونین اسٹریٹجک ڈائیلاگ کے آٹھویں دور کی مشترکہ صدارت کریں گے، جو دونوں فریقین کے درمیان اعلیٰ ترین ادارہ جاتی مکالمے کا پلیٹ فارم ہے۔

یہ مذاکرات 2019 میں دستخط شدہ پاکستان-یورپی یونین اسٹریٹجک انگیجمنٹ پلان کے تحت دوطرفہ تعلقات کا جائزہ لیں گے اور مختلف شعبوں میں تعاون کو مزید گہرا کرنے کے امکانات پر غور کریں گے۔

کایا کالاس اپنے دورے کے دوران پاکستان کی اعلیٰ قیادت سے بھی ملاقاتیں کریں گی، جن میں صدر آصف علی زرداری اور وزیراعظم شہباز شریف شامل ہیں۔ یورپی ایکسٹرنل ایکشن سروس کے مطابق وہ چیف آف ڈیفنس فورسز فیلڈ مارشل عاصم منیر، تھنک ٹینکس اور تعلیمی اداروں کے نمائندوں سے بھی ملاقات کریں گی۔

دفتر خارجہ نے کہا ہے کہ پاکستان یورپی یونین کے ساتھ اپنی دیرینہ اور کثیرالجہتی شراکت داری کو انتہائی اہمیت دیتا ہے، جو مشترکہ اقدار، اقتصادی تعاون اور کثیرالجہتی نظام کی حمایت پر مبنی ہے۔ بیان میں کہا گیا کہ یہ دورہ اعلیٰ سطحی روابط میں بڑھتی ہوئی رفتار اور تعلقات کو مزید مستحکم کرنے کے عزم کی عکاسی کرتا ہے۔

یورپی یونین پاکستان کے بڑے تجارتی شراکت داروں میں سے ایک ہے، اور دونوں فریقین کے درمیان تعاون تجارت، ترقی، ماحولیاتی تبدیلی، گورننس اور علاقائی سلامتی جیسے شعبوں پر محیط ہے۔ تجزیہ کاروں کے مطابق یہ مذاکرات دونوں جانب سے موجودہ فریم ورک کے تحت پیش رفت کا جائزہ لینے اور علاقائی و عالمی امور پر تبادلہ خیال کا اہم موقع فراہم کریں گے۔