پیٹرولیم قیمتیں، علی پرویز ملک نے چیلنج سے نمٹنے کی حکمت عملی واضح کر دی
- حکومت عام آدمی کو ترجیح دے رہی ہے، وزیر پٹرولیم
وفاقی وزیر پیٹرولیم علی پرویز ملک نے اتوار کے روز وزیرِاعظم شہباز شریف کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ حکومت پیٹرولیم سیکٹر کی بھرپور مدد کر رہی ہے اور قیمتوں میں استحکام برقرار رکھنے کے لیے اقدامات جاری ہیں۔ انہوں نے کہا کہ عالمی جنگی حالات کے باعث پیدا ہونے والے معاشی دباؤ کے باوجود پاکستان کی صورتحال کئی دیگر ممالک کے مقابلے میں بہتر ہے۔
ایک مقامی ٹی وی چینل سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ حکومت عام آدمی کو ترجیح دے رہی ہے اور ایندھن کی قیمتوں کے دباؤ کو کم کرنے کے لیے کوششیں جاری ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ پیٹرولیم سیکٹر میں استحکام لانے کے ساتھ ساتھ عوامی ریلیف کو پالیسی سازی کا مرکز بنایا جا رہا ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ جاری اقدامات کا مقصد معاشی چیلنجز اور عوامی ضروریات کے درمیان توازن قائم کرنا ہے، اور انہیں امید ہے کہ اصلاحات اور قیادت کی مسلسل حمایت سے قیمتوں میں استحکام برقرار رکھا جا سکے گا اور صارفین کو ریلیف ملے گا۔
انہوں نے کہا کہ ملکی سول و عسکری قیادت، بشمول فیلڈ مارشل، وزیرِ اعظم شہباز شریف اور نائب وزیرِ اعظم اسحاق ڈار، عالمی سطح پر پاکستان کے مؤقف کو مضبوط بنانے کے لیے قابلِ تحسین سفارتی کوششیں کر رہے ہیں۔
علی پرویز ملک نے مزید کہا کہ مشرقِ وسطیٰ بحران میں پاکستان کے ثالثی کردار کو عالمی سطح پر سراہا جا رہا ہے اور پوری قوم کو اس پر فخر ہے۔ ان کے مطابق امریکہ اور ایران دونوں نے کچھ لچک دکھائی ہے، جو ایک مثبت پیش رفت ہے، تاہم دیرپا امن کے لیے دونوں فریقین کو مزید اقدامات کرنے ہوں گے۔
انہوں نے اس امید کا اظہار کیا کہ مسلسل مذاکرات اور سفارتی روابط کے ذریعے مسئلہ جلد حل ہو جائے گا۔ ان کا کہنا تھا کہ بھارت، بنگلہ دیش اور سری لنکا جیسے ممالک کو حالیہ عرصے میں شدید معاشی چیلنجز کا سامنا رہا، جبکہ پاکستان اس وقت نسبتاً مستحکم پوزیشن میں ہے، اور آئندہ پالیسی اقدامات سے عوام کو مزید ریلیف ملنے کی توقع ہے۔