الخدمت کے تحت کورنگی جے ایریا میں27ویں ہیلپ سینٹر کا افتتاح کر دیا گیا
- ہیلپ سینٹر پر آکسیجن سلنڈر،وہیل چیئر،سکشن مشین ،واکر ،پیشینٹ بیڈ، بیساکھی سمیت 140اشیا دستیاب ہوں گی، چیف ایگزیکٹو نوید علی بیگ
الخدمت کراچی نے کورنگی جے ایریا میں اپنے 27ویں ہیلپ سینٹر افتتاح کر دیا ۔ سی ای او الخدمت کراچی نوید علی بیگ نے ہیلپ سینٹر کا افتتاح کیا ۔
اس موقع پر امیر جماعت اسلامی ضلع کورنگی مرزا فرحان بیگ ، ڈائریکٹر کمیونٹی سروسز عمر قائم خانی ، سینئر منیجر سرفراز شیخ و دیگر ذمہ داران موجود تھے۔افتتاحی تقریب میں معززین اور علاقہ مکینوں نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔
چیف ایگز یکٹو الخدمت کراچی نوید علی بیگ نے افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ نئے ہیلپ سینٹر کے قیام کے بعد کراچی شہر میں الخدمت کی جانب سے قائم کیے گئے ہیلپ سینٹرز کی تعداد 27 ہو گئی ہے ،الحمد للہ الخدمت کے یہ ہیلپ سینٹر لوگو ں کی خدمت کر رہے ہیں ۔ان ہیلپ سینٹرز میں آکسیجن سلنڈر ، بیساکھیوں ، واکر ،پیشنٹ بیڈ ،سکشن مشین،نبو لائزرسمیت 140 اشیا ئ لوگوں کو بلامعاوضہ فراہم کی جاتی ہیں ۔ان اشیا کولوگ اپنی ضرورت کے مطابق مجوزہ وقت کیلئے لے سکتے ہیں اور پھر ضرورت پوری ہونے پر واپس کر سکتے ہیں ۔
نوید علی بیگ نے کہا کہ کورنگی کے اس ہیلپ سینٹر سے لوگوں کو میت بس سروس بھی دستیاب ہوگی ۔پورے شہر میں ہم یہ میت بس سروس رعائتی نرخ پر فراہم کررہے ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ الخدمت زندگی کے 8 شعبوں میں کام کر رہی ہے۔شعبہ کمیونٹی سروسز سب سے اہم ترین شعبہ ہے جس کے تحت بہت سے کام کیے جارہے ہیں ۔ڈائریکٹر کمیونٹی سروسز عمر قائم خانی نے کہا کہ الخدمت کا شعبہ کمیونٹی سروسز سارا سال لوگوں کی خدمت میں مصروف رہتا ہے ۔غریب بچیوں کی شادی کیلئے جہیز باکس کی فراہمی ہو یا مستحقین کو ونٹر پیکیج کی تقسیم،رمضان میں راشن کی تقسیم ہو یا عید الا ضحی پر غربا کو گوشت کی فراہمی الخدمت پیش پیش رہتی ہے۔حال ہی میں الخدمت کے تحت شہر میں ڈینگی اور ملیریا سے بچاؤ کیلئے اسپرے مہم شروع کی گئی جو کامیابی سے ہمکنار ہوئی ۔مرزا فرحان بیگ نے کہا کہ الخدمت بلاتفریق کام کر رہی ہے ۔ ہیلپ سینٹر کورنگی کے لوگوں کی ضرورت تھی اور الحمد للہ یہ قائم ہو گیا ،اس سے بڑی تعدادمیں ضرورت مند شہری مستفید ہوسکیں گے ۔




















Comments