پاکستان کی معیشت کا کوبرا جال: جب علاج ہی مرض بن جائے
- غلط معاشی ترغیبات مسائل حل کرنے کے بجائے انہیں مزید گمبھیر بنا رہی ہیں
برطانوی نوآبادیاتی دور میں ہندوستان میں حکام کو زہریلے کوبروں کی بڑھتی ہوئی تعداد پر تشویش لاحق ہوئی۔ دہلی کے حکام نے اس مسئلے سے نمٹنے کے لیے بظاہر ایک سادہ حل نکالا: ہر مردہ کوبرا لانے والے کو مالی انعام دیا جائے۔ ابتدا میں یہ ترغیب کارگر ثابت ہوئی۔ لوگوں نے سانپوں کا شکار شروع کر دیا اور حکام کو یقین ہو گیا کہ انہوں نے اس مسئلے سے نمٹنے کا ایک کم خرچ طریقہ ڈھونڈ لیا ہے۔
تاہم انسانی ذہانت، خصوصاً جب معاملہ پیسے کا ہو، نے کچھ اور ہی راستہ نکال لیا۔ اطلاعات کے مطابق، بعض کاروباری ذہن رکھنے والے افراد نے سرکاری انعام حاصل کرنے کے لیے کوبروں کی افزائش شروع کر دی۔ جب حکام کو اس عمل کا علم ہوا تو انہوں نے انعامی پروگرام ختم کر دیا۔ سانپ پالنے والوں کے پاس انہیں رکھنے کی کوئی وجہ باقی نہ رہی، چنانچہ انہوں نے کوبروں کو سڑکوں پر چھوڑ دیا۔ بعض روایات کے مطابق، اس کا نتیجہ یہ نکلا کہ مسئلہ پہلے سے بھی زیادہ سنگین ہو گیا۔
دہلی کے اس واقعے کی تاریخی تفصیلات کی مستند دستاویزات دستیاب نہیں اور اسے اکثر ایک مکمل طور پر ثابت شدہ تاریخی واقعے کے بجائے ایک مثال کے طور پر دہرایا جاتا ہے۔ ’کوبرا ایفیکٹ‘ کی اصطلاح کو جرمن ماہرِ معاشیات ہورسٹ زیبرٹ نے 2001ء میں اسی نام سے شائع ہونے والی اپنی کتاب کے ذریعے مقبول کیا۔
تاہم اس واقعے کا سبق آج بھی اہمیت رکھتا ہے۔ یہ اس صورتِ حال کی عکاسی کرتا ہے جس میں کسی مسئلے کو حل کرنے کے لیے بنائی گئی پالیسی ایسی ترغیبات پیدا کر دیتی ہے جو عین اس کے برعکس نتائج کا سبب بنتی ہیں۔ ایسی مداخلت محض ناکام نہیں ہوتی بلکہ اصل مسئلے کو مزید سنگین بنا سکتی ہے۔
پاکستان کی سیاسی معیشت اور اس کے بار بار سامنے آنے والے معاشی بحرانوں پر اس تصور کا اطلاق شاید اس سے زیادہ دلچسپ کہیں نہیں ہو سکتا۔
پاکستان کے معاشی مسائل پر عموماً مالیاتی خسارے، بڑھتے ہوئے سرکاری قرض، محدود ٹیکس بیس، کم برآمدات، کمزور سرمایہ کاری، توانائی کی قلت، گرتی ہوئی پیداواری صلاحیت اور بار بار پیدا ہونے والے توازنِ ادائیگی کے بحرانوں کے تناظر میں بحث کی جاتی ہے۔ یہ تمام حقیقی مسائل ہیں۔ تاہم شاید ایک زیادہ بنیادی سوال پوچھنے کی ضرورت ہے: کیا ان مسائل سے نمٹنے کے لیے اختیار کی گئی پالیسیوں نے ایسی ترغیبات پیدا کر دی ہیں جو خود ان مسائل کو برقرار رکھنے کا سبب بن رہی ہیں؟
معیشت کے کئی شعبوں میں صورتِ حال کا جائزہ لیا جائے تو بظاہر جواب ہاں میں ہے۔
ٹیکس نظام ہی کو دیکھ لیجیے۔ حکومت کو اخراجات پورے کرنے، قرضوں کی ادائیگی اور مالیاتی خسارہ کم کرنے کے لیے زیادہ محصولات درکار ہیں۔ اس کا روایتی جواب ٹیکس کی شرحیں بڑھانا، اضافی محصولات عائد کرنا اور پہلے سے دستاویزی معیشت سے مزید وصولیاں کرنا رہا ہے۔ تاہم تاریخی طور پر کم ٹیکس دینے والے شعبوں، جائیداد، زراعت اور غیر رسمی معیشت کے مختلف حصوں کو ٹیکس نیٹ میں لانے کا سیاسی طور پر مشکل کام ابھی تک نامکمل ہے۔ نتیجتاً ایک ایسا شیطانی چکر وجود میں آ گیا ہے جس میں باضابطہ کاروباروں کے اخراجات بڑھتے ہیں، غیر رسمی رہنے کی ترغیب مضبوط ہوتی ہے، سرمایہ کاری کی حوصلہ شکنی ہوتی ہے اور ٹیکس بیس محدود رہتا ہے۔
آئی ایم ایف کے مطابق مالی سال 2025ء میں صوبائی ٹیکسوں اور پیٹرولیم لیویز سمیت پاکستان کی مجموعی ٹیکس وصولیاں جی ڈی پی کے 12.3 فیصد تک پہنچ گئیں، جو کم از کم 2000ء کے بعد بلند ترین سطح ہے، تاہم یہ ہم پلہ ممالک کے 25ویں پرسنٹائل سے بھی کم رہیں۔ فنڈ نے یہ تخمینہ بھی لگایا کہ سیلز ٹیکس کی وصولی کی استعداد کو 35 فیصد کے قریب لانے سے مالی سال 2024-25ء کی بنیاد پر مزید 2.1 ٹریلین روپے حاصل کیے جا سکتے ہیں۔ اس لیے اصل مسئلہ محض یہ نہیں کہ مزید کتنا ٹیکس عائد کیا جائے بلکہ یہ بھی ہے کہ کن طبقات پر ٹیکس لگایا جائے اور پیداواری ٹیکس بیس کو کس طرح وسعت دی جائے۔ اس کے ساتھ ساتھ حکومت کو اپنے اخراجات اور سرکاری وسائل کے استعمال میں مکمل شفافیت یقینی بنانا اور عوام کا اعتماد حاصل کرنے کے لیے غیر ضروری اخراجات میں کمی کرنا ہوگی۔
توانائی کا شعبہ اس کی ایک اور نمایاں مثال پیش کرتا ہے۔ حکومتیں بارہا بجلی اور گیس کے نرخ دبائے رکھنے، سبسڈی دینے اور قیمتوں میں اضافے کو مؤخر کرنے کے ذریعے توانائی کو سستا رکھنے کی کوشش کرتی رہی ہیں۔ لیکن جب نرخوں سے بجلی کی پیداوار، ترسیل اور تقسیم کی حقیقی لاگت پوری نہیں ہوتی تو اس فرق کے باعث گردشی قرض جمع ہوتا رہتا ہے۔ سپلائرز کی ادائیگیاں رک جاتی ہیں، سرمایہ کاری کی حوصلہ شکنی ہوتی ہے، حکومتی واجبات بڑھتے ہیں اور بالآخر جمع شدہ لاگت زیادہ نرخوں اور ٹیکسوں کی صورت میں صارفین ہی کو ادا کرنا پڑتی ہے۔ 2026ء کے اوائل تک بجلی کے شعبے میں گردشی قرض تقریباً 1.8 ٹریلین روپے جبکہ گیس کے شعبے میں 3.4 ٹریلین روپے تک پہنچ چکا تھا۔ توانائی کو سستا رکھنے کے لیے بنائی گئی پالیسی نے ایک ایسے نظام کو جنم دینے میں مدد دی ہے جو مسلسل مہنگا اور مالی اعتبار سے ناقابلِ برداشت ہوتا جا رہا ہے۔ یقیناً اس کی واحد وجہ سبسڈیز نہیں؛ صلاحیت کے عوض ادائیگیاں، تقسیم کے نقصانات، ناقص طرزِ حکمرانی اور کمزور وصولیاں بھی اس مسئلے کی بنیادی وجوہات میں شامل ہیں۔
صنعت کاری کے حوالے سے بھی ہماری حکمتِ عملی میں اسی نوعیت کے تضادات سامنے آئے ہیں۔ پاکستان نے کئی دہائیوں تک درآمدی محصولات، ریگولیٹری ڈیوٹیز، سبسڈیز، ترجیحی قرضوں اور غیر ملکی مسابقت سے تحفظ کے ذریعے مقامی صنعتوں کو فروغ دینے کی کوشش کی۔ اس کا مقصد مقامی مینوفیکچرنگ کو پروان چڑھانا، زرمبادلہ بچانا اور روزگار کے مواقع پیدا کرنا تھا۔ تاہم جب تحفظ طویل عرصے تک جاری رہے اور اسے پیداواری صلاحیت اور برآمدی کارکردگی سے منسلک نہ کیا جائے تو یہ مسابقت سے بچنے کی ایک آرام دہ پناہ گاہ بن سکتا ہے۔ جب مقامی مارکیٹ میں تحفظ یافتہ منافع دستیاب ہو تو کاروباروں کے پاس جدت لانے، معیار بہتر بنانے یا عالمی سطح پر مسابقت کے قابل ہونے کی ترغیب کم رہ جاتی ہے۔
آٹو موبائل صنعت اس تضاد کی واضح مثال ہے۔ مقامی پیداوار اور منافع بخش کاروبار کا مطلب لازماً یہ نہیں کہ صنعت عالمی سطح پر مسابقت کے قابل مینوفیکچرنگ یا برآمدات بھی کر رہی ہے۔ آئی ایم ایف نے پاکستان کے تحفظ پسند تجارتی ڈھانچے اور برآمدات کے خلاف ترغیبات کو معاشی استعداد، وسائل کی مؤثر تقسیم اور برآمدات میں اضافے کی راہ میں اہم رکاوٹیں قرار دیا ہے۔ فنڈ کے تجزیے کے مطابق پاکستان میں اوسط وزنی درآمدی محصولات ہم پلہ ممالک کے مقابلے میں بلند ترین سطحوں میں شامل رہے ہیں، جبکہ اضافی ڈیوٹیز نے تحفظ کی اس سطح کو مزید بڑھایا ہے۔
شرحِ مبادلہ بھی اس کی ایک اور مثال ہے۔ حکومتیں اکثر مہنگائی پر قابو پانے اور اعتماد برقرار رکھنے کے لیے روپے کی مارکیٹ کی بنیاد پر ہونے والی قدر میں کمی کی مزاحمت کرتی رہی ہیں۔ لیکن زرمبادلہ کے ذخائر خرچ کرکے اور انتظامی درآمدی پابندیوں کے ذریعے روپے کی زائد قدر برقرار رکھنے سے برآمد کنندگان کو نقصان پہنچ سکتا ہے، درآمدات مصنوعی طور پر سستی ہو سکتی ہیں اور مقامی پیداوار میں سرمایہ کاری کی حوصلہ شکنی ہو سکتی ہے۔ بالآخر زرمبادلہ کی قلت پابندیاں عائد کرنے اور روپے کی قدر میں اچانک کمی پر مجبور کر دیتی ہے۔ یوں استحکام برقرار رکھنے کی کوشش کا نتیجہ مزید عدم استحکام کی صورت میں نکلتا ہے۔ پاکستان کے بار بار آنے والے عروج و زوال کے معاشی ادوار کو شرحِ مبادلہ کے انتظام، مقامی طلب، مالیاتی پالیسی اور بیرونی مسابقت کے باہمی تعلق کا جائزہ لیے بغیر نہیں سمجھا جا سکتا۔
زرعی پالیسی بھی اس سے مستثنیٰ نہیں۔ کسانوں کو تحفظ دینے اور غذائی تحفظ یقینی بنانے کے لیے امدادی قیمتوں، سرکاری خریداری کے انتظامات اور رعایتی زرعی مداخل کا سہارا لیا جاتا رہا ہے۔ تاہم جب ترغیبات کا فائدہ غیر متناسب طور پر چند مخصوص فصلوں کو پہنچے تو زمین اور پانی کے وسائل کی تقسیم میں بگاڑ پیدا ہو سکتا ہے، فصلوں میں تنوع کی حوصلہ شکنی ہوتی ہے اور مالیاتی و ذخیرہ کاری کے بھاری اخراجات جنم لیتے ہیں۔ زرعی آمدن کا تحفظ ایک جائز مقصد ہے، لیکن غیر مؤثر پیداواری اور خریداری کے نظام کو برقرار رکھنا لازماً اس مقصد کے حصول کا درست طریقہ نہیں۔
اس کے بعد سرکاری قرض کا معاملہ ہے۔ قرض لینا اس وقت ترقی کا ذریعہ بن سکتا ہے جب اس سے پیداواری بنیادی ڈھانچے، تعلیم، ٹیکنالوجی اور استعداد میں اضافے کے منصوبوں کی مالی معاونت کی جائے۔ لیکن جب قرض سے جاری اخراجات، سبسڈیز اور ساختی خامیوں کو پورا کیا جائے تو یہ ایک بڑھتا ہوا بوجھ بن جاتا ہے۔ مارچ 2025ء تک پاکستان کا سرکاری قرض تقریباً 76 ٹریلین روپے تک پہنچ چکا تھا۔ مالی سال 2025ء کے پہلے نو ماہ میں صرف سود کی ادائیگیوں پر 6.4 ٹریلین روپے خرچ ہوئے۔ ماضی کے قرضوں کی ادائیگی کے لیے مختص کیا جانے والا ہر اضافی روپیہ مستقبل کی سرمایہ کاری کے لیے دستیاب مالی گنجائش کم کر دیتا ہے۔ حکومت موجودہ واجبات پورے کرنے کے لیے قرض لیتی ہے اور یوں مزید واجبات پیدا ہوتے جاتے ہیں۔ علاج خود مرض کا ایک اور سبب بن جاتا ہے۔
یہ مثالیں لازماً اس بات کا ثبوت نہیں کہ ہر حکومتی مداخلت ناکام رہی ہے یا تمام سبسڈیز، ٹیکس، محصولات اور قرض لینا ناپسندیدہ ہیں۔ معاشی پالیسی میں مختلف مفادات کے درمیان توازن قائم کرنا ناگزیر ہوتا ہے۔ ’کوبرا ایفیکٹ‘ اس وقت جنم لیتا ہے جب پالیسی ساز اس بات کا مناسب اندازہ لگائے بغیر اقدامات تیار کرتے ہیں کہ ان سے پیدا ہونے والی ترغیبات کے جواب میں لوگ اور ادارے کس طرح ردعمل ظاہر کریں گے۔ نیک نیتی، ترغیبات کے مؤثر ڈیزائن کا متبادل نہیں ہو سکتی۔
تاہم پاکستان کا مسئلہ محض انفرادی پالیسیوں کی غلطیوں تک محدود نہیں۔ اس کی جڑیں اس سیاسی معیشت میں پیوست ہیں جو ان پالیسیوں کو جنم دیتی ہے۔
یہ سمجھنے کی ضرورت ہے کہ موجودہ انتظامات سے فائدہ کس کو پہنچ رہا ہے، ان کی قیمت کون ادا کر رہا ہے اور اصلاحات کو بار بار مزاحمت کا سامنا کیوں کرنا پڑتا ہے۔ کاروباری طبقہ مسابقت کے بجائے تحفظ کا خواہاں ہے۔ حکومتیں بااثر طبقات کو حاصل ٹیکس چھوٹ اور مراعات کو چیلنج کیے بغیر محصولات بڑھانا چاہتی ہیں۔ سیاسی جماعتیں مشکل ساختی تبدیلیوں کے مقابلے میں فوری ریلیف اور نمایاں ترقیاتی منصوبوں کو ترجیح دیتی ہیں۔ ادارے اپنے لیے مختص وسائل اور صوابدیدی اختیارات برقرار رکھنا چاہتے ہیں۔ بااثر حلقوں تک رسائی رکھنے والے افراد رعایتیں، ٹھیکے، لائسنس اور ترجیحی سلوک حاصل کر لیتے ہیں، جبکہ اس کی قیمت پوری معیشت کو چکانا پڑتی ہے۔
یہیں سے کوبرا ایفیکٹ ایک نظامی مسئلہ بن جاتا ہے۔ اب یہ محض کسی ایسی معیشت میں ناقص ترغیب کا معاملہ نہیں رہتا جو مجموعی طور پر درست طور پر کام کر رہی ہو، بلکہ ایک ایسا نظام بن جاتا ہے جس میں تمام فریقوں کے پاس ان انتظامات کو برقرار رکھنے کی وجوہ موجود ہوتی ہیں جو اجتماعی طور پر معیشت کے لیے نقصان دہ ہیں۔
یہاں دو بنیادی محرکات کا تعلق بھی سامنے آتا ہے جو بظاہر پاکستان کے بیشتر سیاسی اور معاشی رویوں کی بنیاد ہیں: ہر قیمت پر اقتدار برقرار رکھنا اور ہر قیمت پر فوری مالی فائدہ حاصل کرنا۔
پہلا محرک قلیل مدتی سوچ کو فروغ دیتا ہے۔ حکومتیں اور سیاسی قوتیں ایسی اصلاحات کے بجائے اقتدار میں بقا، سرپرستی کے نظام اور فوری سیاسی فوائد کو ترجیح دیتی ہیں جن کے ثمرات سامنے آنے میں کئی سال لگ سکتے ہیں۔ دوسرا محرک دولت پیدا کرنے کے بجائے ناجائز معاشی فوائد سمیٹنے کے رجحان کو تقویت دیتا ہے۔ جب جدت، پیداواری صلاحیت اور مسابقت کے مقابلے میں رسائی، اثر و رسوخ اور تحفظ سے زیادہ منافع حاصل ہو تو معاشی رویے بھی اسی کے مطابق ڈھل جاتے ہیں۔ یوں دولت پیدا کرنے اور پہلے سے موجود دولت پر قبضہ جمانے کے درمیان فرق دھندلا جاتا ہے۔
اس کے نتائج ملک کی مسلسل ناقص معاشی کارکردگی میں واضح ہیں: محدود پیداواری بنیاد، ناکافی سرمایہ کاری، کمزور برآمدات، پست پیداواری صلاحیت، بار بار پیدا ہونے والے مالیاتی اور بیرونی کھاتوں کے بحران اور بیرونی مالی معاونت پر مسلسل انحصار۔ پاکستان بارہا معاشی استحکام کے لیے اصلاحاتی پروگراموں، ہنگامی مالی معاونت اور عارضی انتظامی پابندیوں کا سہارا لیتا رہا ہے، لیکن ہر بار خود کو انہی پرانے مسائل سے دوچار پاتا ہے۔ استحکام ضروری ہے، مگر اسے معاشی ڈھانچے میں بنیادی تبدیلی کا متبادل نہیں سمجھا جا سکتا۔
ماہرِ معاشیات چارلس گڈہارٹ کا ایک اصول بھی یہاں سبق دیتا ہے۔ ان کے مطابق جب کسی پیمانے کو ہدف بنا دیا جائے تو وہ اپنی افادیت کھو دیتا ہے۔ یہ اصول مسئلے کے ایک اور پہلو کو اجاگر کرتا ہے۔ جب حکومتیں ٹیکس بیس وسیع کیے بغیر ٹیکس وصولیوں کے اہداف حاصل کرنے، مسابقت کے بغیر صنعتی پیداوار بڑھانے، بیرونی پائیداری کے بغیر شرحِ مبادلہ مستحکم رکھنے یا مالیاتی پائیداری یقینی بنائے بغیر توانائی سستی رکھنے کی کوشش کرتی ہیں تو ممکن ہے کہ اعداد و شمار میں متعلقہ اشاریہ بہتر دکھائی دینے لگے، لیکن اس کی قیمت بنیادی معاشی ڈھانچے کو نقصان کی صورت میں ادا کرنا پڑے۔
تو پاکستان اپنی اس ’کوبرا معیشت‘ سے کیسے نکل سکتا ہے؟
اس کا حل چند غیر مربوط پالیسیوں کے ایک اور مجموعے یا کفایت شعاری کے ایک اور دور میں نہیں، بلکہ خود ترغیبات کو تبدیل کرنے میں پوشیدہ ہے۔ ٹیکس نظام ایسا ہونا چاہیے جو دستاویزی معیشت کا حصہ بننے کی حوصلہ افزائی کرے اور ٹیکس بیس وسیع کرے، نہ کہ مسلسل انہی ٹیکس دہندگان پر بوجھ بڑھاتا رہے جو پہلے ہی نظام کا حصہ ہیں۔ صنعتی پالیسی کا محور تحفظ کو برقرار رکھنے کے بجائے پیداواری صلاحیت، جدت اور برآمدات کو فروغ دینا ہونا چاہیے۔ توانائی کی سبسڈیز کا ہدف کم آمدن اور مستحق گھرانے ہونے چاہییں، نہ کہ انہیں ساختی اخراجات چھپانے کے لیے استعمال کیا جائے۔ شرحِ مبادلہ کی پالیسی کو مسابقت بڑھانے میں مدد دینی چاہیے، جبکہ سرکاری قرض تیزی سے بڑھتے ہوئے جاری اخراجات اور غیر مؤثر نظام کو برقرار رکھنے کے بجائے پیداواری صلاحیت میں اضافے پر خرچ ہونا چاہیے۔ سب سے بڑھ کر اداروں کو صوابدیدی اختیارات اور مراعات کے بجائے شفاف قواعد کے تحت قابلِ پیش گوئی اور جواب دہ بنانا ہوگا۔
یہ سب کچھ آسان نہیں۔ موجودہ انتظامات سے فائدہ اٹھانے والے ان تبدیلیوں کی مزاحمت کریں گے جو ان کے مفادات کو خطرے میں ڈالتی ہیں۔ یہی وجہ ہے کہ معاشی اصلاحات کو ادارہ جاتی اصلاحات اور اقتدار کی سیاسی معیشت سے الگ نہیں کیا جا سکتا۔
پاکستان کا المیہ محض یہ نہیں کہ وہ اپنے معاشی مسائل حل کرنے میں بار بار ناکام رہتا ہے۔ اصل المیہ یہ ہے کہ ان مسائل کے حل کے لیے اختیار کیے جانے والے بہت سے اقدامات انہی حالات کو مزید مضبوط کر دیتے ہیں جنہوں نے یہ مسائل پیدا کیے تھے۔ ہم انہی لوگوں پر مزید ٹیکس عائد کرتے ہیں، انہی صنعتوں کو پہلے سے زیادہ تحفظ دیتے ہیں، انہی ساختی خامیوں کو برقرار رکھنے کے لیے مزید قرض لیتے ہیں اور ایسے نظاموں کو سبسڈی دیتے ہیں جنہیں برقرار رکھنا وقت کے ساتھ مزید مہنگا ہوتا جاتا ہے۔
شاید سب سے زیادہ تلخ نتیجہ یہ ہے کہ یہ نظام مکمل طور پر ناکارہ نہیں۔ ممکن ہے کہ یہ ان لوگوں کے لیے بخوبی کام کر رہا ہو جو اس سے فائدہ اٹھاتے ہیں، اگرچہ معیشت اور شہریوں کی بھاری اکثریت اس کی ناکامی کا خمیازہ بھگت رہی ہے۔
پاکستان کو ایسے معاشی اور سیاسی نظام کی ضرورت ہے جس میں قومی دولت پیدا کرنے کی ترغیبات، اس پر قبضہ جمانے کے محرکات سے زیادہ طاقتور ہوں۔ جب تک یہ تبدیلی نہیں آتی، ہم شاید کوبروں کی افزائش کرتے رہیں گے اور اس بات پر خود کو مبارک باد دیتے رہیں گے کہ ہم نے کتنے کوبرا مار ڈالے ہیں۔























Comments