بزنس مین پینل کا توانائی کے شعبے میں جامع اصلاحات کرنے کا مطالبہ
- پاکستان ہر سال تقریباً 3.5 کھرب روپے کی ایسی توانائی درآمدات پر خرچ کر رہا ہے جن سے بچا جا سکتا ہے، میاں انجم نثار
فیڈریشن آف پاکستان چیمبرز آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے بزنس مین پینل (بی ایم پی) نے توانائی کے شعبے میں جامع اصلاحات کا مطالبہ کرتے ہوئے کہا ہے کہ پاکستان ہر سال تقریباً 3.5 کھرب روپے کی ایسی توانائی درآمدات پر خرچ کر رہا ہے جن سے بچا جا سکتا ہے۔ اس سے زرمبادلہ کے ذخائر پر دباؤ اور کاروبار و صارفین کے لیے بجلی کی لاگت میں اضافہ ہو رہا ہے۔
بزنس مین پینل کے چیئرمین اورایف پی سی سی آئی کے سابق صدر میاں انجم نثار نے کہا کہ درآمدی ایندھن اور آلات پر انحصار کم کرکے توانائی کی بچت، موجودہ پیداواری صلاحیت کے بہتر استعمال اور مقامی صنعت کو فروغ دینا ناگزیر ہے۔
انہوں نے توانائی بحران کی وجوہات میں ناقص منصوبہ بندی، پالیسیوں میں عدم تسلسل اور مقامی صنعتی صلاحیتوں کی کمزوری کو بھی شامل کیا۔ ان کے مطابق بجلی کی پیداواری صلاحیت اور طلب میں عدم توازن سے کیپسٹی ادائیگیوں کا بوجھ بڑھا ہے، جبکہ مہنگی ایل این جی کی درآمدات معیشت پر دباؤ ڈال رہی ہیں۔
انہوں نے توانائی بچت کے ضوابط، مؤثر کولنگ سسٹمز اور عمارتوں کی بہتر انسولیشن کے علاوہ بجلی کی ترسیل و تقسیم کے آلات کی مقامی تیاری بڑھانے پر زور دیا۔ ان کا کہنا تھا کہ پن بجلی، شمسی اور ہوائی توانائی میں سرمایہ کاری اور مقامی وسائل کے استعمال سے صنعتی مسابقت، برآمدات اور معاشی استحکام بہتر بنایا جا سکتا ہے۔





















Comments