خام تیل کی قیمتوں میں کمی کا اثر، عالمی منڈی میں سونا مہنگا ہوگیا
- اسپاٹ گولڈ کی قیمت 0.2 فیصد اضافے کے بعد 3,934.75 ڈالر فی اونس ہوگئی
عالمی منڈی میں بدھ کو ابتدائی ایشیائی کاروبار کے دوران سونے کی قیمتوں میں معمولی اضافہ ریکارڈ کیا گیا، جس کی وجہ خام تیل کی قیمتوں میں کمی کے باعث مہنگائی سے متعلق خدشات میں کمی اور امریکی وسط مدتی انتخابات کے نتائج کا انتظار ہے۔
اسپاٹ گولڈ کی قیمت 0.2 فیصد اضافے کے بعد 3,934.75 ڈالر فی اونس ہوگئی، جبکہ دسمبر میں فراہمی کے لیے امریکی سونے کے مستقبل کے سودے 0.1 فیصد بڑھ کر 3,943.20 ڈالر فی اونس پر پہنچ گئے۔
رائٹرز کے مطابق منگل کو خام تیل کی قیمتیں تقریباً ایک فیصد گر کر 4 ہفتوں کی کم ترین سطح پر آگئی تھیں۔ سرمایہ کار یوکرین اور ایران کی جنگیں ختم کرنے کے لیے جاری مذاکرات اور ان تنازعات کے باعث عالمی سپلائی میں ممکنہ رکاوٹوں کا جائزہ لے رہے ہیں۔
کریملن نے تصدیق کی ہے کہ روس، یوکرین اور امریکا کے درمیان سہ فریقی امن مذاکرات 10 اور 11 نومبر کو ابوظبی میں ہوں گے۔ دوسری جانب ایران کے ایک سینئر عہدیدار نے کہا ہے کہ جنگ کے خاتمے کے لیے ایران اور امریکا کے درمیان معاہدہ ابھی دور ہے، جبکہ قطر اختلافات ختم کرنے اور کشیدگی میں اضافے کو روکنے کے لیے ثالثی کی کوششیں کر رہا ہے۔
ماہرین کے مطابق خام تیل کی قیمتوں میں کمی سے مہنگائی کے خدشات کم ہوتے ہیں، جس سے امریکی فیڈرل ریزرو کی جانب سے طویل عرصے تک بلند شرح سود برقرار رکھنے کی ضرورت محدود ہونے کی توقع بڑھتی ہے۔ اس صورتحال میں سونے جیسی غیر منافع بخش سرمایہ کاری کی کشش میں اضافہ ہوتا ہے۔
سرمایہ کار امریکی وسط مدتی انتخابات کے نتائج اور اہم روزگار کے اعدادوشمار کے منتظر ہیں، جو امریکی شرح سود سے متعلق پالیسی کے لیے رہنمائی فراہم کرسکتے ہیں۔ سی ایم ای فیڈ واچ ٹول کے مطابق دسمبر میں شرح سود بڑھانے کے امکانات 78 فیصد ہیں۔
دریں اثنا ورلڈ گولڈ کونسل کے مطابق بلند قیمتوں کے باعث بھارت میں 2026 کے دوران سونے کی طلب 6 سال کی کم ترین سطح پر آنے کا امکان ہے۔
دیگر قیمتی دھاتوں میں چاندی 0.2 فیصد کمی سے 49.67 ڈالر، پلاٹینم 0.3 فیصد اضافے سے 1,422.15 ڈالر جبکہ پیلیڈیم 0.5 فیصد بڑھ کر 938.49 ڈالر فی اونس ہوگیا۔





















Comments