پی آئی اے نے ایڈرین ہیملٹن کو چیف ایگزیکٹو آفیسر نامزد کردیا
- سیکیورٹی اور دیگر ضروری کلیئرنس کا عمل تاحال جاری، اکتوبر کے آخر تک چارج سنبھالنے کا امکان ہے، ذرائع
پاکستان انٹرنیشنل ایئرلائنز (پی آئی اے) کے نئے چیف ایگزیکٹو آفیسر (سی ای او) کے لیے عمان کی کم لاگت کی فضائی کمپنی سلام ایئر کے سربراہ ایڈرین ہیملٹن مینز کو نامزد کیا گیا ہے جن کے اکتوبر کے اختتام تک عہدے کا چارج سنبھالنے کا امکان ہے۔
ذرائع نے نام ظاہر نہ کرنے کی شرط پر ان کی نامزدگی کی تصدیق کرتے ہوئے بتایا کہ سیکیورٹی اور دیگر ضروری کلیئرنس کا عمل تاحال جاری ہے جس کے باعث تقرری کا باضابطہ اعلان نہیں کیا گیا۔
پی آئی اے کی نجکاری کے بعد مینز کی نامزدگی ایئرلائن میں اعلیٰ انتظامی سطح پر ہونے والی پہلی اہم تقرریوں میں شمار ہوگی۔ عارف حبیب کی سربراہی میں قائم کنسورشیم نے 29 جون 2026 کو ایئرلائن کا انتظام سنبھالا تھا۔
ایڈرین ہیملٹن مینز جولائی 2024 سے مسقط میں قائم سلام ایئر کے چیف ایگزیکٹو ہیں۔ اس سے قبل وہ اپریل 2020 سے جولائی 2024 تک قازقستان کی کم لاگت کی ایئرلائن فلائی آریستان کے صدر اور سی ای او رہے۔ انہوں نے 2012 سے 2016 تک افریقہ میں کم کرایوں پر فضائی سفر کی سہولت فراہم کرنے والی ایئرلائن فلائی افریقہ ڈاٹ کام کے بانی سی ای او کی حیثیت سے بھی خدمات انجام دیں۔
مینز بھارت کی انڈی گو، ساؤتھ افریکن ایئرویز، ورجن آسٹریلیا کی پیسیفک بلیو اور انڈونیشیا کی منڈالا ایئرلائنز میں بھی اعلیٰ تجارتی عہدوں پر فائز رہ چکے ہیں۔ انہوں نے اپنے پیشہ ورانہ کیریئر کا آغاز 1997 میں ایئر نیوزی لینڈ سے کیا تھا۔ وہ اپنے پیشہ ورانہ نیٹ ورکنگ پروفائل میں خود کو ایئرلائنز کی کارکردگی بہتر بنانے اور انہیں خسارے سے نکالنے کا ماہر قرار دیتے ہیں۔
پی آئی اے کو گزشتہ کئی دہائیوں سے آپریشنل مسائل، پرانے طیاروں کے بیڑے، مسلسل مالی خسارے اور سیاسی مداخلت جیسے چیلنجز کا سامنا رہا ہے۔ مینز کے پیشہ ورانہ تجربے کا بڑا حصہ کم لاگت کی ایئرلائنز کے قیام اور انتظام سے متعلق ہے، جبکہ پی آئی اے مکمل خدمات فراہم کرنے والی ایئرلائن ہے۔ اس تناظر میں ان کے لیے ایئرلائن کی کارکردگی بہتر بنانا، مالی استحکام حاصل کرنا اور آپریشنل مسائل پر قابو پانا اہم چیلنجز ہوں گے۔
























Comments