نیشنل بینک اور پاور چائنا کے درمیان ایم او یو پر دستخط
- مفاہمتی یادداشت کا مقصد مالی معاونت اور گرین بینکنگ کے مواقع تلاش کرنا ہے
نیشنل بینک آف پاکستان (این بی پی) نے حال ہی میں اپنے ہیڈ آفس کراچی میں منعقدہ تقریب میں چین کی کمپنی پاور چائنا انٹیگریٹی انرجی اسٹوریج (شنگھائی) ٹیکنالوجی کمپنی لمیٹڈ (I²-ESS) کے ساتھ مفاہمت کی یادداشت پر دستخط کردیے ہیں۔ اس مفاہمت کا مقصد چھوٹے اور درمیانے درجے کے کاروباری اداروں (ایس ایم ایز) سمیت تجارتی اور کارپوریٹ شعبوں کے لیے مالی معاونت، نئے کاروباری مواقع اور ممکنہ صارفین کی نشاندہی، بینکاری مصنوعات و خدمات کا باہمی فروغ اور مستقبل میں ماحول دوست مالیاتی سہولتوں کے امکانات تلاش کرنے کے لیے تعاون کا فریم ورک تیار کرنا ہے۔
دستخط کی تقریب میں این بی پی کے صدر عمران سرور، گروپ چیف آئی ڈی جی نوشابہ شہزاد، گروپ چیف سی آئی بی جی عثمان شاہد، آر ای۔ آئی ڈی فیصل آباد حمد رسول نے شرکت کی۔ پاور چائنا کی نمائندگی گلوبل چیئرمین سی من ژو اور چیئرمین ساؤتھ ایشیا چینگ یانگ یاؤ نے کی۔
اس مفاہمت کی یادداشت کا مقصد دونوں اداروں کے درمیان تعاون کے ذریعے نئے کاروباری مواقع تلاش کرنا ہے۔ خاص طور پر قابل تجدید توانائی، توانائی ذخیرہ کرنے اور ان سے متعلقہ شعبوں میں کام کرنے والے کاروباری اداروں کو این بی پی کی بینکاری اور مالیاتی سہولتوں سے منسلک کیا جائے گا۔
دونوں ادارے ایسے قابل عمل کاروباری مواقع کی نشاندہی کے لیے مل کر کام کریں گے جو کاروباری ترقی کے ساتھ پائیدار توانائی سے متعلق صنعتوں کے فروغ میں بھی معاون ثابت ہوں۔ اس تعاون کے تحت Power China| I²-ESSکی جانب سے مالی معاونت کے لیے تجویز کردہ اداروں کو بینکاری خدمات فراہم کرنے کے سلسلے میں این بی پی کو ترجیحی بینک کے طور پر پیش کیا جائے گا۔
اس کے علاوہ این بی پی کی مختلف بینکاری مصنوعات اور خدمات کو فروغ دینے کے مواقع بھی تلاش کیے جائیں گے جس سے صارفین کے ساتھ بینک کے تعلقات مزید مستحکم بنانے اور کاروباری رسائی بڑھانے میں مدد ملے گی۔
دونوں ادارے گرین فنانسنگ اور ایسے دیگر قابل عمل منصوبوں میں تعاون کے امکانات بھی تلاش کریں گے جو این بی پی کی کاروباری ترجیحات اور مقاصد سے ہم آہنگ ہوں۔























Comments