ایس پی ایل نے اہم اپ گریڈیشن کے بعد معمول کے آپریشنز بحال کردیے
- پلانٹ کے معمول کے آپریشنز اور پیداوار 30 ستمبر 2026 سے دوبارہ شروع کردی گئی ہے، کمپنی
سیکیورٹی پیپرز لمیٹڈ (ایس پی ایل) جو کرنسی نوٹوں کے کاغذ اور دیگر سیکیورٹی دستاویزات تیار کرتی ہے نے بینک نوٹ پیپر کی پیداواری صلاحیت بہتر بنانے کے لیے اسٹریٹجک اپ گریڈ مکمل کرنے کے بعد معمول کے آپریشنز اور پیداوار دوبارہ شروع کردی ہے۔ کمپنی نے منگل کو پاکستان اسٹاک ایکسچینج (پی ایس ایکس) کو آگاہ کیا۔
نوٹس کے مطابق سیکیورٹی پیپرز لمیٹڈ نے اپنی پیپر مشین 2 (پی ایم-2) کے اپ گریڈیشن منصوبے کو مکمل کرلیا ہے۔
کمپنی نے کہا کہ پلانٹ کے معمول کے آپریشنز اور پیداوار 30 ستمبر 2026 سے دوبارہ شروع کردی گئی ہے۔ پی ایم-2 مشین میں جدید پرزہ جات کی تنصیب اور انضمام کے لیے 25 جولائی 2026 کو پیداوار عارضی طور پر معطل کی گئی تھی۔
کمپنی نے مزید کہا کہ اس اپ گریڈیشن سے بینک نوٹ پیپر کی تیاری میں جدید اور جدید ترین سیکیورٹی خصوصیات شامل کرنے کی اس کی تکنیکی صلاحیت میں اضافہ ہوگا۔
گزشتہ سال مارچ میں ایس پی ایل نے سیکیورٹی ٹیکنالوجی کے شعبے میں عالمی سطح پر معروف کمپنی گیزیک اینڈ ڈیویرینٹ (G+D) کے ساتھ پی ایم-2 کی اپ گریڈیشن کے لیے باضابطہ معاہدے پر دستخط کیے تھے۔
کمپنی نے اس وقت بتایا تھا کہ اس منصوبے کا مقصد ایس پی ایل کی پیداواری صلاحیت میں اضافہ کرنا ہے تاکہ بینک نوٹ پیپر میں عالمی سطح پر رائج جدید رجحانات کو اپناتے ہوئے جدید سیکیورٹی خصوصیات شامل کی جاسکیں اور اسٹیٹ بینک کی بدلتی ضروریات پوری کی جاسکیں جس نے حال ہی میں بینک نوٹوں کی نئی سیریز جاری کرنے کا اعلان کیا ہے۔
منصوبے کی تخمینی لاگت 3.4 ارب روپے تھی جس میں جرمنی کی گیزیک اینڈ ڈیویرینٹ (جی پلس ڈی) کو دیا گیا 82 لاکھ 97 ہزار یورو مالیت کا بین الاقوامی ٹینڈر بھی شامل تھا۔ اپ گریڈیشن کا کام 18 ماہ کے اندر مکمل ہونے کی توقع تھی۔
اس وقت ایس پی ایل کے چیف ایگزیکٹو آفیسر عمران قریشی نے کہا تھا کہ نئے بینک نوٹوں کی سیریز کے لیے اسٹیٹ بینک کی ضروریات پوری کرنے میں یہ اپ گریڈیشن انتہائی اہم ہے۔
سیکیورٹی پیپرز لمیٹڈ (ایس پی ایل) 1965 میں ایک نجی کمپنی کے طور پر قائم ہوئی تھی جسے 1967 میں پبلک لمیٹڈ کمپنی میں تبدیل کردیا گیا۔
کمپنی بینک نوٹوں کے کاغذ کے علاوہ دیگر سیکیورٹی دستاویزات بھی تیار کرتی ہے، جن میں پرائز بانڈز، ڈیفنس سیونگ سرٹیفکیٹس، نان جوڈیشل اسٹامپ پیپرز، پاسپورٹ پیپرز اور چیک بکس، تعلیمی بورڈز کے سرٹیفکیٹس اور جامعات کی ڈگریاں شامل ہیں۔
























Comments