ریٹائرمنٹ کی قیاس آرائیاں مسترد ، توجہ اب بھی بھارت کی نمائندگی پر ہے، روہت شرما
- روہت کی شاندار سنچری، مسلسل 11 ون ڈے میچوں سے سنچری نہ بنانے کا سلسلہ ٹوٹ گیا
بھارت کے سابق کپتان روہت شرما نے اپنے بین الاقوامی کیریئر سے متعلق قیاس آرائیوں کو مسترد کرتے ہوئے کہا ہے کہ ان کی پوری توجہ اب بھی بھارت کی نمائندگی کرنے اور ٹیم کی کامیابی میں اپنا کردار ادا کرنے پر مرکوز ہے۔
38 سالہ روہت شرما نے یہ بیان اتوار کو انگلینڈ کے خلاف تیسرے اور آخری ایک روزہ میچ میں 110 گیندوں پر جارحانہ 138 رنز کی اننگز کھیلنے کے بعد دیا۔ اگرچہ بھارت یہ ہدف حاصل کرنے میں ناکام رہا، تاہم لارڈز میں کھیلا جانے والا یہ میچ ان کے بھارتی ٹیم کی جانب سے آخری میچ ہونے کی قیاس آرائیاں بھی گردش کرتی رہیں۔
اس شاندار سنچری کے ساتھ روہت شرما کی مسلسل 11 ون ڈے میچوں سے سنچری نہ بنانے کا سلسلہ ٹوٹ گیا۔ اس عرصے کے دوران ان کی فارم پر سوالات اٹھائے جا رہے تھے اور آئندہ سال جنوبی افریقا، زمبابوے اور نمیبیا میں ہونے والے ورلڈ کپ سے قبل ٹیم میں ان کی جگہ پر بھی بحث جاری تھی۔ تاہم ٹیم انتظامیہ نے اوپننگ بلے باز پر اپنے اعتماد کو برقرار رکھا۔
روہت شرما نے بھارتی کرکٹ بورڈ کی ویب سائٹ کو دیے گئے انٹرویو میں کہا، ”میرا کام بلے سے کارکردگی دکھانا، میدان میں اترنا، اپنے ملک اور اپنی ٹیم کی نمائندگی کرنا ہے۔ اپنے ڈیبیو کے دن سے مجھے یہی ذمہ داری سونپی گئی تھی اور میں آئندہ بھی یہی کرتا رہوں گا۔“
انہوں نے کہا، ”میرے ڈیبیو کے بعد سے ہی طرح طرح کی باتیں ہوتی رہی ہیں اور جب تک میں کھیلتا رہوں گا، یہ سلسلہ بھی جاری رہے گا۔“
روہت نے مزید کہا، ”اس لیے ان باتوں سے زیادہ فرق نہیں پڑتا۔ میرے لیے اہم بات یہ ہے کہ میں میدان میں کیا کرتا ہوں اور ٹیم کی کامیابی میں کس حد تک اپنا کردار ادا کرتا ہوں۔ فی الحال میری تمام توجہ اسی پر مرکوز ہے۔ لوگ باتیں کرتے رہیں، اگر یہ شور نہ ہو تو پھر کھیل کا مزہ بھی نہیں رہتا۔“
روہت شرما کی شاندار اننگز کے باوجود بھارت یہ میچ ہار گیا اور ایک روزہ سیریز 2-1 سے انگلینڈ کے نام رہی۔
بھارتی ٹیم اب 23 سے 26 جولائی تک زمبابوے کے خلاف تین ٹی20 بین الاقوامی میچوں کی سیریز کھیلے گی، جس کے بعد اگلے ماہ سری لنکا کا دورہ کرے گی جہاں دونوں ٹیموں کے درمیان ٹیسٹ سیریز ہوگی۔























Comments