وزیراعظم کی مسلم ورلڈ لیگ کے سربراہ سے ملاقات، علاقائی امن، غزہ اور بین المذاہب تعاون پر تبادلۂ خیال
- وزیراعظم نے تعلیم، بین المذاہب ہم آہنگی اور انتہاپسندی کے انسداد میں مسلم ورلڈ لیگ کے ساتھ تعاون جاری رکھنے کے عزم کا اعادہ کیا
وزیراعظم شہباز شریف نے پیر کو مسلم ورلڈ لیگ کے سیکریٹری جنرل شیخ ڈاکٹر محمد بن عبد الکریم العیسیٰ سے ملاقات میں تعلیم، بین المذاہب مکالمے، انتہاپسندی اور اسلاموفوبیا کے انسداد کے شعبوں میں سعودی عرب میں قائم تنظیم کے ساتھ تعاون مزید مضبوط بنانے کے عزم کا اعادہ کیا ہے۔
وزیراعظم ہاؤس میں ہونے والی ملاقات کے دوران وزیراعظم نے ڈاکٹر العیسیٰ کا خیرمقدم کیا اور 12 اور 13 جولائی کو اسلام آباد میں منعقدہ اسلامی تعاون تنظیم (او آئی سی) کی وزارتی کانفرنس برائے خواتین میں شرکت پر ان کا شکریہ ادا کیا۔
وزیراعظم نے مسلم ورلڈ لیگ کے اسلام کا حقیقی اور اعتدال پسند تشخص اجاگر کرنے، امت مسلمہ کے اتحاد کو فروغ دینے، اور دنیا بھر میں رواداری، اخوت اور بین المذاہب ہم آہنگی کے فروغ میں کردار کو سراہا۔ انہوں نے ڈاکٹر العیسیٰ کی قیادت میں تنظیم کی عالمی سطح پر بڑھتی ہوئی سرگرمیوں کی بھی تعریف کی اور اس کے اقدامات کے لیے پاکستان کی مسلسل حمایت کا یقین دلایا۔
شہباز شریف نے کہا کہ مسلم ورلڈ لیگ کی مذہبی مکالمے کے فروغ کی کوششیں مسلم دنیا کو درپیش چیلنجز سے نمٹنے میں اہم کردار ادا کر سکتی ہیں۔ انہوں نے ایران اور خلیجی ممالک سے متعلق بدلتی علاقائی صورتحال، غزہ میں انسانی بحران اور دیگر مسلم معاشروں کو درپیش مسائل کا بھی ذکر کیا۔
وزیراعظم نے ڈاکٹر العیسیٰ کے پاکستان کے سابقہ دوروں، خصوصاً اسلام آباد میں لڑکیوں کی تعلیم سے متعلق بین الاقوامی سربراہ اجلاس کی میزبانی کو یاد کرتے ہوئے تعلیم اور انسانی ہمدردی کے شعبوں میں پاکستان اور مسلم ورلڈ لیگ کے درمیان جاری تعاون پر اطمینان کا اظہار کیا۔
انہوں نے سعودی عرب کے خادم الحرمین الشریفین شاہ سلمان بن عبدالعزیز آل سعود کے لیے نیک تمناؤں کا اظہار کیا اور ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان بن عبدالعزیز آل سعود کے لیے بھی خیرسگالی کا پیغام دیا۔
ڈاکٹر محمد بن عبد الکریم العیسیٰ نے وزیراعظم کی جانب سے پرتپاک میزبانی پر شکریہ ادا کیا اور مسلم دنیا میں پاکستان کے قائدانہ کردار کو سراہا۔ انہوں نے مذہبی، تعلیمی اور انسانی ہمدردی کے شعبوں میں پاکستان کے ساتھ تعاون مزید وسعت دینے کے عزم کا اعادہ بھی کیا۔
مسلم ورلڈ لیگ کے سربراہ نے حالیہ علاقائی امن کوششوں میں وزیراعظم شہباز شریف کے کردار کو سراہتے ہوئے نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ اسحاق ڈار اور چیف آف ڈیفنس فورسز و چیف آف آرمی اسٹاف فیلڈ مارشل سید عاصم منیر کی اسلام آباد مفاہمتی یادداشت (اسلام آباد میمورنڈم آف انڈرسٹینڈنگ) پر دستخط کی کوششوں میں خدمات کو بھی خراجِ تحسین پیش کیا۔
ملاقات میں دونوں فریقوں نے پاکستان اور مسلم ورلڈ لیگ کے درمیان جاری مشترکہ منصوبوں اور اقدامات پر قریبی رابطہ برقرار رکھنے اور ان پر عمل درآمد کی رفتار تیز کرنے پر اتفاق کیا۔
ملاقات میں نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ اسحاق ڈار، سیکریٹری خارجہ آمنہ بلوچ، ارکانِ قومی اسمبلی فرح ناز اکبر اور زیب جعفر بھی شریک تھے، جبکہ پاکستان میں سعودی عرب کے سفیر نواف سعید المالکی نے ڈاکٹر العیسیٰ کے ہمراہ ملاقات میں شرکت کی۔






















Comments