فون نمبر کی پرائیویسی مزید محفوظ، واٹس ایپ جلد یوزر نیم کی سہولت متعارف کرائے گا
- واٹس ایپ کے مطابق فون نمبر تک رسائی محدود ہونے کا مطلب یہ ہوگا کہ صارف کا نمبر خودکار طور پر شیئر نہیں ہوگا، مثلاً جب اسے کسی بڑے گروپ چیٹ میں شامل کیا جائے یا وہ پہلی بار کسی فرد یا کاروباری ادارے سے رابطہ کرے
میٹا کی ملکیت والے میسجنگ پلیٹ فارم واٹس ایپ کے کروڑوں صارفین کو آئندہ آنے والی اپ ڈیٹ کے بعد اپنے اہلِ خانہ، دوستوں یا کاروباری اداروں سے رابطے کے لیے فون نمبر شیئر کرنے کی ضرورت نہیں رہے گی۔ کمپنی نے پیر کے روز یہ اعلان کیا ہے۔
واٹس ایپ کے مطابق اس کے بجائے صارفین منفرد یوزر نیم منتخب کر سکیں گے، جسے وہ دوسروں کے ساتھ شیئر کریں گے۔ کمپنی کا کہنا ہے کہ اس نئے فیچر کا مقصد ”صارفین کے فون نمبر کی پرائیویسی کا تحفظ“ یقینی بنانا ہے۔
کمپنی نے مزید بتایا کہ فون نمبرز تک رسائی محدود ہونے کے بعد ایسے مواقع پر صارف کا نمبر خودکار طور پر شیئر نہیں ہوگا، مثلاً جب اسے کسی بڑے گروپ چیٹ میں شامل کیا جائے یا وہ پہلی مرتبہ کسی فرد یا کاروباری ادارے کو پیغام بھیجے۔
میٹا کے مطابق ”یوزر نیمز کی کوئی ڈائریکٹری موجود نہیں ہوگی اور نہ ہی کسی قسم کی تجاویز (سجیشن) دی جائیں گی، اس لیے کسی صارف سے رابطہ کرنے کے لیے اس کا درست یوزر نیم معلوم ہونا ضروری ہوگا۔“
دیگر سوشل میڈیا پلیٹ فارمز کی طرح، واٹس ایپ کے بھی اربوں صارفین ہیں۔ میٹا کے مطابق اس کے صارفین کی تعداد 3 ارب سے تجاوز کر چکی ہے، اس لیے ممکن ہے کہ بہت سے صارفین کو اپنی پسند کا یوزر نیم دستیاب نہ ہو۔
کمپنی نے کہا کہ وہ آئندہ چند ماہ کے دوران مرحلہ وار دنیا بھر میں یوزر نیم ریزرویشن کی سہولت متعارف کرائے گی، اور ہر ملک میں اس فیچر کی دستیابی پر صارفین کو واٹس ایپ کھولتے ہی مطلع کیا جائے گا۔
دریں اثنا، کانٹینٹ کریئیٹرز، چھوٹے کاروباری اداروں اور مختلف تنظیموں کو یہ سہولت بھی دی جائے گی کہ وہ واٹس ایپ پر وہی یوزر نیم حاصل کر سکیں جو وہ پہلے ہی میٹا کے دیگر پلیٹ فارمز فیس بک یا انسٹاگرام پر استعمال کر رہے ہیں۔























Comments