پاکستان اور بنگلہ دیش کے بانیان کا اسٹارٹ اپ ریوورا 20 لاکھ ڈالر کی سیڈ انویسٹمنٹ حاصل کرنے میں کامیاب
- اے آئی ای کامرس پر توجہ کے لیے ری برانڈنگ کا فیصلہ، اے آئی آپریٹنگ پلیٹ فارم ریوورا نے ای کامرس کاروبار کو فروغ دینے کے لیے 20 لاکھ ڈالر جمع کر لیے، سعودی کمپنی کی سب سے تیزی سے بڑھتی مارکیٹ قرار
مائی ایلس کے نام سے معروف اسٹارٹ اپ ریوورا نے اپنے برانڈ کا نام تبدیل کرتے ہوئے سیڈ انویسٹمنٹ راؤنڈ میں 20 لاکھ ڈالر جمع کر لیے ہیں۔ کمپنی اب خود کو کنورسیشنل کامرس ٹول سے ای کامرس تاجروں کے لیے ایک اے آئی آپریٹنگ پلیٹ فارم میں تبدیل کر رہی ہے۔
بدھ کو جاری بیان کے مطابق سرمایہ کاری کے اس راؤنڈ کی مشترکہ قیادت آئی ٹو آئی وینچرز اور اوراسیا کیپیٹل نے کی، جبکہ اینکرلیس بنگلہ دیش، کنجکشن کیپیٹل، ایف سکس وینچرز، ہائی ٹو گلوبل، اوربٹ اسٹارٹ اپس اور متعدد اسٹریٹجک اینجل انویسٹرز نے بھی اس میں حصہ لیا، جن میں ” سلا“ کے شریک بانی سلمان بٹ اور بولٹ، مبادلہ اور ای وائی کے آپریٹرز شامل ہیں۔
سیڈ راؤنڈ سے حاصل ہونے والی رقم بنیادی طور پر سعودی عرب میں کمپنی کی ترقی کی رفتار بڑھانے اور پروڈکٹ کو مزید بہتر بنانے کے لیے استعمال کی جائے گی، جو ریوورا کے لیے سب سے بڑی اور تیزی سے بڑھتی ہوئی مارکیٹ بن کر ابھرا ہے۔
ریوورا اس وقت 21 سے زائد ممالک میں فعال ہے اور سال 2024 کے اواخر میں سعودی عرب اور خلیجی ممالک (جی سی سی) پر توجہ مرکوز کرنے کے بعد سے کمپنی کی آمدنی میں 10 گنا اضافہ دیکھا گیا ہے۔ یہ ٹیم اس تازہ ترین فنڈنگ کے ذریعے خطے میں اپنی موجودگی کو مزید مضبوط بنانے کا ارادہ رکھتی ہے۔
کمپنی ای کامرس کے لیے سعودی عرب میں قائم کسٹمر انگیجمنٹ اور اے آئی آپریٹنگ سسٹم فراہم کرتی ہے، جو اپنے اے آئی ایجنٹس کے ذریعے ایک مرکزی مرکز کے طور پر کام کرتا ہے اور آن لائن کاروباروں کی سیلز بڑھانے اور کسٹمر سپورٹ مینیج کرنے میں مدد کرتا ہے۔ کمپنی کا کہنا ہے کہ ریوورا کی اے آئی سیلز اور مہمات استعمال کرنے والے برانڈز کی آمدنی میں 15 سے 20 فیصد اضافہ دیکھا گیا ہے، جو اس پروڈکٹ کی حقیقی افادیت کو ظاہر کرتا ہے۔ یہ ہر تاجر کے پروڈکٹ کیٹلاگ کو واضح اور منظم ڈیٹا میں بھی تبدیل کرتا ہے، جس سے مصنوعات کو تلاش کرنا، تجویز کرنا اور خریدنا آسان ہو جاتا ہے۔
ریوورا کے شریک بانی شوو رحمان نے کہا کہ مصنوعی ذہانت (اے آئی) نہ صرف کمپنیوں کے بیچنے کا طریقہ بدل رہی ہے بلکہ لوگوں کے خریدنے کا انداز بھی تبدیل کررہی ہے۔ ہم ریوورا کی بنیاد اس ایک یقین پر رکھ رہے ہیں کہ اگلے عشرے میں وہی کاروبار کامیاب ہوں گے جنہیں کوئی اے آئی سمجھ سکے، پیش کر سکے اور ان کے لیے فروخت کر سکے۔
ریوورا کے ایک اور شریک بانی دانیال بیگ نے بات چیت کو آگے بڑھاتے ہوئے کہا کہ ہمارے لیے سب سے اہم سگنل فنڈنگ نہیں بلکہ یہ ہے کہ ریوورا استعمال کرنے والے تاجر اس سے حقیقی آمدنی پیدا کر رہے ہیں۔ یہ وہ پیمانہ ہے جس کے ہم دیوانے ہیں اور اسی کے لیے ہم کام کر رہے ہیں۔
دانیال بیگ میڈیا اور فن ٹیک کے شعبوں میں قیادت کا 12 سال سے زیادہ کا تجربہ رکھتے ہیں اور وہ حال ہی میں فوربس مڈل ایسٹ کے سی او او رہ چکے ہیں، جبکہ شوو رحمان پروڈکٹ اور تکنیکی مہارت کے حامل ہیں۔ یہ دونوں مل کر ایک ایسی کمپنی بنا رہے ہیں جو ابھرتی ہوئی مارکیٹوں کی مقامی ہے اور خطے کی منفرد ضروریات کو پورا کرنے کے لیے تیار کی گئی ہے۔
آئی ٹو آئی وینچرز کی شریک بانی اور جنرل پارٹنر کلثوم لاکھانی نے کہا کہ ہم ریوورا کی ٹیم کی حمایت کرنے پر انتہائی پرجوش ہیں۔ انہوں نے ایک ایسی پروڈکٹ بنائی ہے جو محض اے آئی کے شور سے ہٹ کر حقیقی افادیت اور بڑے پیمانے پر پھیلنے کی حقیقی صلاحیت رکھتی ہے۔ یہ ابھرتی ہوئی مارکیٹوں سے خطے کے لیے تیار کردہ پروڈکٹ ہے اور اس کی مقبولیت خود بولتی ہے۔
دریں اثنا اینکرلیس بنگلہ دیش کے جنرل پارٹنر راحت احمد کا ماننا ہے کہ ریوورا بالکل اسی صلاحیت کا مظہر ہے جو بنگلہ دیش اور پاکستان کے ٹیلنٹ میں اس وقت نظر آتی ہے جب ان پر بھرپور اعتماد کیا جائے۔ ہم نے شروع سے ہی شوو اور ان کی ٹیم کا ساتھ دیا ہے اور ان کے کام کو مزید آگے بڑھانے پر ہمیں فخر ہے۔
اسی طرح اوراسیا کیپیٹل کے پارٹنر عمر خان نے ابتدائی مراحل میں ہی اے آئی کو اپنانے کی اہمیت پر زور دیتے ہوئے تاجروں کی کامیابی کے مشن میں ریوورا کا ساتھ دینے کا عزم ظاہر کیا، تاکہ ایسے حل فراہم کیے جا سکیں جو آپریشنل اور کسٹمر کے نتائج کو بہتر بنائیں۔



















Comments