ڈیزل قیمتوں کے فارمولے پر ریفائنریز سے رضاکارانہ معاہدہ طے پایا، علی پرویز ملک
- اس اقدام کا مقصد ریفائنریز کو اپ گریڈ کرنا اور مکمل ڈی ریگولیشن کی طرف بڑھنا ہے، وزیر پٹرولیم
وزیر پیٹرولیم علی پرویز ملک نے کہا ہے کہ ڈیزل کی قیمتوں کے فارمولے میں تبدیلی کسی دباؤ کے نتیجے میں نہیں کی گئی۔
انہوں نے کہا کہ پیٹرولیم ڈویژن اور ریفائنریز کے درمیان باہمی رضامندی سے ایک رضاکارانہ معاہدہ طے پایا ہے، جبکہ ایک عبوری فارمولا تحقیقاتی ٹیم سے مشاورت کے بعد تیار کیا گیا ہے۔
وزیر پٹرولیم نے کہا کہ اس اقدام کا مقصد ریفائنریز کو اپ گریڈ کرنا اور مکمل ڈی ریگولیشن کی طرف بڑھنا ہے، جبکہ بین الاقوامی معیار کے مطابق منصفانہ قیمتوں کو یقینی بنانا بھی ضروری ہے۔
انہوں نے کہا کہ مناسب قیمتوں کے نظام سے مقامی ریفائنریز کو بھارتی ریفائنریز کے برابر لایا جا سکتا ہے۔
علی پرویز ملک نے مزید کہا کہ فارمولے میں تبدیلی کا مقصد ویلیو ایڈڈ مصنوعات کی پیداوار میں اضافہ کرنا ہے، جبکہ زیادہ مسابقت صارفین کے مفاد کو محفوظ بنا سکتی ہے۔
انہوں نے زور دیا کہ تنگ نظر سیاست کا خاتمہ کیا جائے اور قومی مفاد میں فیصلے کیے جائیں۔ ان کا کہنا تھا کہ پالیسی میں تسلسل پاکستان کی معاشی بہتری کے لیے ناگزیر ہے۔

























Comments