ڈالر کے مقابلے روپے کی قدر مزید بہتر
- ڈالر کے مقابلے میں روپیہ 3 پیسے کی بہتری سے 279.67 پر بند
انٹربینک مارکیٹ میں منگل کو ڈالر کے مقابلے روپے کی قدر میں 0.01 فیصد اضافہ ریکارڈ کیا گیا۔
کاروبار کے اختتام پر ڈالر کے مقابلے میں روپیہ 3 پیسے کی بہتری سے 279.67 پر بند ہوا۔
یاد رہے کہ پیر کو مقامی کرنسی 279.70 پر بند ہوئی تھی۔
مزید برآں منگل کو اہم معاشی اعدادوشمار کی اشاعت سے قبل امریکی ڈالر کی قدر میں کمی دیکھی گئی جن سے شرح سود کے مستقبل کے رخ کا تعین متوقع ہے۔ دوسری جانب وزیراعظم سانائے تاکائچی کی حالیہ انتخابی کامیابی کے بعد جاپانی ین مسلسل دوسرے روز مستحکم رہا۔
یاد رہے کہ پیر کو 0.8 فیصد اضافے کے بعد جاپانی ین امریکی ڈالر کے مقابلے میں مزید مضبوط ہو کر 155.24 تک پہنچ گیا۔ وزیراعظم کی انتخابی کامیابی کے فوری بعد کرنسی کی قدر میں آنے والی گراوٹ کے بعد حکام کی جانب سے زبانی انتباہ نے ین کو سہارا دینے میں اہم کردار ادا کیا۔
یورو کی قدر پیر کو 0.85 فیصد اضافے کے بعد 1.19125 ڈالر پر برقرار رہی۔ دوسری جانب ڈالر انڈیکس 96.79 کی سطح پر رہا، جو ایک ہفتے کی کم ترین سطح کے قریب ہے۔






















Comments