احسن اقبال اور برطانوی وزیر کے درمیان اقتصادی تعاون کے فروغ کے امکانات پر تبادلہ خیال
- فریقین کا دوطرفہ تجارتی مذاکرات کے طریقہ کار اور اس کے 3 ورکنگ گروپس کو جلد فعال کرنے پر زور
وفاقی وزیر برائے منصوبہ بندی، ترقی و خصوصی اقدامات احسن اقبال نے جمعرات کو برطانیہ کے وزیرِ مملکت برائے تجارتی پالیسی سر کرس برائنٹ سے ملاقات کی، جس میں پاکستان اور برطانیہ کے درمیان اقتصادی تعاون کو مزید مضبوط بنانے کے اقدامات پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
لندن میں پاکستانی ہائی کمیشن کے مطابق دونوں فریقین نے دوطرفہ تجارت اور سرمایہ کاری میں اضافہ کے لیے پاکستان برطانیہ تجارتی مذاکرات کے طریقہ کار اور اس کے تین ورکنگ گروپس کو جلد فعال کرنے پر زور دیا ہے۔
منصوبہ بندی کے وزیر احسن اقبال نے برطانوی فریق کو پاکستان میں جاری معاشی اصلاحات، اطلاعاتی ٹیکنالوجی کے شعبے میں امکانات اور پائیدار و جامع ترقی کے حکومتی وژن سے آگاہ کیا۔
برطانیہ میں پاکستان کے ہائی کمشنر ڈاکٹر محمد فیصل بھی ملاقات میں موجود تھے۔ انہوں نے تجارت، سرمایہ کاری اور ترقی سمیت مختلف شعبوں میں تعاون کو مزید گہرا کرنے کے لیے دونوں ممالک کے مشترکہ عزم پر زور دیا۔





















Comments
Comments are closed.