ڈالر کے مقابلے روپے کی قدر میں معمولی اضافہ
انٹربینک مارکیٹ میں پیر کے روز امریکی ڈالر کے مقابلے پاکستانی روپے کی قدر میں معمولی اضافہ ریکارڈ کیا گیا ہے۔
اسٹیٹ بینک آف پاکستان (ایس بی پی) کے اعداد و شمار کے مطابق کاروبار کے اختتام پر ڈالر کے مقابلے مقامی کرنسی 281.16 روپے پر بند ہوئی، جو گزشتہ سیشن کے 281.17 روپے کے مقابلے میں 1 پیسے کا اضافہ ہے۔

یاد رہے کہ گزشتہ ہفتے روپیہ 9 پیسے یا 0.03 فیصد کی بہتری سے 281.17 روپے پر بند ہوا تھا۔
بین الاقوامی سطح پر امریکی ڈالر نے پیر کے ابتدائی کاروبار میں ہونے والی گراوٹ سے خود کو سنبھالا، کیونکہ سرمایہ کاروں کو امید تھی کہ واشنگٹن بیجنگ کے ساتھ تجارتی جنگ میں تازہ کشیدگی کو کم کر سکتا ہے، جبکہ فرانس اور جاپان میں ہونے والی سیاسی پیش رفت نے یورو اور ین کو کمزور کیا۔
ڈالر انڈیکس معمولی اضافہ کے ساتھ 99.002 تک پہنچ گیا۔ یہ اضافہ اس نقصان کی جزوی تلافی ہے جو اس وقت ہوا جب امریکی صدر ٹرمپ نے چین پر 100 فیصد ٹیکس (ٹیرف) عائد کرنے کا اعلان کیا تھا۔
اس اقدام نے اپریل میں صدر ٹرمپ کے لبریشن ڈے پر وسیع پیمانے پر ٹیکس (ٹیرف) نافذ کرنے کے اعلان سے جڑی خدشات کو دوبارہ زندہ کر دیا جس کے نتیجے میں جمعہ کو اسٹاک مارکیٹ اور کرپٹو کرنسیوں میں فروخت کا دباؤ دیکھا گیا۔
ین کے مقابلے میں امریکی ڈالر 0.5 فیصد اضافے کے ساتھ 151.985 ین پر ٹریڈ ہوا، کیونکہ مارکیٹوں نے نئے لبرل ڈیموکریٹک پارٹی کی رہنما سناے تاکایچی کے سیاسی مستقبل کا جائزہ لیا۔ جمعہ کو کومیتو پارٹی کے حکمراں اتحاد سے علیحدہ ہونے کے بعد اُن کی دنیا کی چوتھی بڑی معیشت کی پہلی خاتون وزیراعظم بننے کی امیدوں کو دھچکا لگا ہے۔
یورو 0.1 فیصد کمی کے بعد 1.1609 ڈالر پر آگیا، یہ کمی اس وقت دیکھی گئی جب فرانسیسی صدارت نے اتوار کے روز وزیراعظم سباستیان لیکورن کی نئی کابینہ کا اعلان کیا جس میں ایمانوئل میکرون کے قریبی ساتھی رولان لیسکیور کو دوبارہ وزیرِ خزانہ مقرر کیا گیا۔
تیل کی قیمتیں، جو کرنسی کی برابری کا ایک اہم اشاریہ سمجھی جاتی ہیں، پیر کے روز معمولی بہتری کے ساتھ کچھ کم ہوئے پوائنٹس واپس حاصل کرنے میں کامیاب رہیں۔ اس سے قبل گزشتہ سیشن میں تیل کی قیمتیں پانچ ماہ کی کم ترین سطح پر آ گئی تھیں۔ سرمایہ کاروں کو امید ہے کہ امریکا اور چین کے صدور کے درمیان ممکنہ مذاکرات دنیا کی دو بڑی معیشتوں اور تیل کے سب سے بڑے صارفین کے درمیان تجارتی کشیدگی میں کمی لا سکتے ہیں۔
برینٹ کروڈ فیوچرز کی قیمت 87 سینٹ (یا 1.39 فیصد) اضافے کے ساتھ فی بیرل 63.60 ڈالر تک پہنچ گئی، جب کہ جمعے کے روز یہ 3.82 فیصد کمی کے بعد 7 مئی کے بعد کی کم ترین سطح پر بند ہوئی تھی۔
امریکی ویسٹ ٹیکساس انٹرمیڈیٹ (ڈبلیو ٹی آئی ) کروڈ کی قیمت 87 سینٹ (یا 1.48 فیصد) اضافے کے ساتھ 59.77 ڈالر فی بیرل تک بڑھ گئی، جو جمعے کو 4.24 فیصد کمی کے بعد 7 مئی کی کم ترین سطح پر پہنچی تھی۔
پیر کے روز انٹربینک مارکیٹ میں ڈالر کی شرحِ تبادلہ:
قیمت خرید : 281.16 روپے
قیمت فروخت : 281.36 روپے
























Comments
Comments are closed.