اسٹاک ایکسچینج میں پرافٹ ٹیکنگ کا رجحان غالب، 100 انڈیکس تقریباً 400 پوائنٹس گرگیا
پاکستان اسٹاک مارکیٹ میں منگل کو مندی کا رجحان غالب آگیا جس کے نتیجے میں بینج مارک کے ایس ای 100 انڈیکس میں تقریباً 400 پوائنٹس کی کمی ریکارڈ کی گئی۔
مارکیٹ میں کاروبار کا آغاز مثبت زون میں ہوا۔ ٹریڈنگ کے دوران ایک موقع پر کے ایس ای-100 انڈیکس 149,453.19 پوائنٹس کی بلند سطح پر جاپہنچا۔ بعدازاں پرافٹ ٹیکنگ کے باعث مارکیٹ میں تنزلی دیکھی گئی اور 100 انڈیکس دن کے دوران کم سے کم 148,312.57 پوائنٹس تک گرگیا۔
کاروبار کے اختتام پر کے ایس ای 100 انڈیکس 380.24 پوائنٹس یا 0.26 فیصد 148,435.06 پوائنٹس پر بند ہوا۔
پیر کو اسٹاک ایکسچینج میں دوبارہ دباؤ دیکھا گیا جہاں سرمایہ کاروں کی جانب سے منافع کے حصول اور محتاط رویے کے باعث رول اوور ہفتے کے آغاز پر انڈیکس نیچے چلے گئے۔ بینچ مارک کے ایس ای-100 انڈیکس 677.75 پوائنٹس یا 0.45 فیصد کمی کے ساتھ ایک لاکھ 48 ہزار815 پر بند ہوا۔
عالمی سطح پر، ایشیائی اسٹاک مارکیٹس نے وال اسٹریٹ کی مندی کو فالو کیا، جب صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے فیڈرل ریزرو کے ایک گورنر کو برطرف کرنے کا اعلان کیا، جو ایک غیر معمولی اقدام ہے اور جس نے فیڈ کی خودمختاری اور امریکی اثاثوں پر اعتماد کو مزید نقصان پہنچایا۔

امریکی کرنسی ین اور یورو کے مقابلے میں گر گئی، جب ٹرمپ نے اعلان کیا کہ وہ لیزا کُک کو فیڈ کے بورڈ آف ڈائریکٹرز سے ہٹا رہے ہیں، الزام لگاتے ہوئے کہ رہن کے قرضے حاصل کرنے میں بے ضابطگیاں ہوئیں اور صدر کی مرکزی بینک کے ساتھ کشمکش بڑھ گئی۔
ایم ایس سی آئی کا ایشیا-پیسیفک کے جاپان کے علاوہ حصص کا وسیع ترین انڈیکس 0.6 فیصد نیچے آیا، جب کہ امریکی اسٹاکس نے گزشتہ سیشن میں معمولی نقصان پر اختتام کیا۔ جاپان کا نِکئی انڈیکس 1.1 فیصد گر گیا۔
فیوچر مارکیٹس نے یورپ اور امریکہ کے لیے ایک بے چینی بھرے دن کی نشاندہی کی۔
یورو اسٹاکس 50 فیوچرز 0.57 فیصد، جرمن ڈی اے ایکس فیوچرز 0.42 فیصد اور ایف ٹی ایس سی فیوچرز 0.35 فیصد کم ہوئے۔ امریکی ایس اینڈ پی 500 ای-منیز 0.17 فیصد گر گئے۔
دریں اثناء انٹر بینک مارکیٹ میں منگل کے روز امریکی ڈالر کے مقابلے میں پاکستانی روپیہ معمولی بہتری کے ساتھ بند ہوا۔ کاروبار کے اختتام پر روپیہ ڈالر کے مقابلے میں ایک پیسے کے اضافے کے ساتھ 281.86 روپے پر بند ہوا۔ یہ ڈالر کے مقابلے میں روپے کی مسلسل تیرہویں روز بہتری ہے۔
تمام حصص پر مشتمل انڈیکس پر کاروباری حجم کم ہو کر 665.42 ملین شیئرز رہا، جو کہ گزشتہ سیشن میں 693.30 ملین ریکارڈ کیا گیا تھا۔
تاہم، شیئرز کی مالیت میں اضافہ دیکھنے میں آیا، جو 26.34 ارب روپے سے بڑھ کر 31.54 ارب روپے ہو گئی۔
نمایاں کاروباری حجم رکھنے والی کمپنیوں میں فرسٹ داؤد پراپرٹیز 40.16 ملین شیئرز کے ساتھ سرفہرست رہی، کوہِ نور اسپننگ 33.78 ملین شیئرز کے ساتھ دوسرے جبکہ ٹریٹ کارپوریشن 33.12 ملین شیئرز کے ساتھ تیسرے نمبر پر رہی۔
کاروباری دن کے اختتام پر 479 کمپنیوں کے حصص کا لین دین ہوا، جن میں 196 کمپنیوں کے شیئرز کی قدر میں اضافہ، 256 کمپنیوں کے شیئرز کی قدر میں کمی جبکہ 27 کمپنیوں کے شیئرز مستحکم رہے۔




















Comments
Comments are closed.