تحریکِ انصاف میں اندرونی اختلافات، سلمان اکرم راجہ کا بطور سیکریٹری جنرل مستعفی ہونے کا عندیہ
تحریکِ انصاف (پی ٹی آئی) کے سیکریٹری جنرل سلمان اکرم راجہ نے پیر کے روز اعلان کیا ہے کہ انہوں نے اپنے عہدے سے استعفیٰ دینے کا فیصلہ کر لیا ہے اور اس فیصلے کی وجہ انہوں نے پارٹی میں حالیہ پیش رفت کے بعد واضح اور دوٹوک فیصلے کی ضرورت قرار دی ہے۔
سلمان راجہ نے گزشتہ برس عمر ایوب کی جگہ سیکریٹری جنرل کا منصب سنبھالا تھا۔ انہوں نے کہا کہ وہ منگل کے روز پارٹی کے بانی عمران خان سے ملاقات کریں گے تاکہ ان سے باضابطہ طور پر ذمہ داریوں سے سبکدوش کرنے کی درخواست کر سکیں۔
انہوں نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس (X) پر لکھا ہے کہ میری زندگی ایک کھلی کتاب ہے۔ میرے کسی عمل میں اصولوں سے تضاد نہیں۔ کل میں عمران خان سے درخواست کروں گا کہ مجھے اس عہدے سے سبکدوش کر دیا جائے۔
سلمان اکرم راجہ نے واضح کیا کہ وہ سیاسی عہدہ چھوڑنے کے باوجود پارٹی کو قانونی معاونت فراہم کرتے رہیں گے۔
ان کا کہنا تھا کہ پی ٹی آئی کے مشکل وقت میں، میں نے عمران خان کی رہنمائی میں قانونی معاونت کے ساتھ ساتھ سیاسی میدان میں بھی قدم رکھا۔ میرا مقصد آئین، قانون اور جمہوریت کی بالادستی کی جدوجہد میں حصہ لینا تھا۔
سلمان اکرم راجہ نے اختلافات کی تفصیلات میں جانے سے گریز کیا۔























Comments
Comments are closed.