خیبر پختونخوا: وزیراعظم اور آرمی چیف کا سیلاب زدہ علاقوں کا دورہ، تجاوزات و ٹمبر مافیا کیخلاف کارروائی کا اعلان
وزیراعظم شہباز شریف نے بدھ کے روز فیلڈ مارشل عاصم منیر اور وفاقی وزراء عطا تارڑ، احسن اقبال اور امیر مقام کے ہمراہ خیبر پختونخوا کے سیلاب سے متاثرہ اضلاع ، سوات، بونیر، شانگلہ اور صوابی، کا دورہ کیا ہے۔
وزیراعظم آفس کے مطابق وزیر اعظم شہباز شریف نے متاثرین سے اظہارِ یکجہتی کیا، جاں بحق افراد کے لیے فاتحہ خوانی کی اور تمام ممکنہ امداد کی یقین دہانی کرائی۔ انہوں نے امدادی سرگرمیوں کو تیز کرنے اور بروقت امداد کی فراہمی یقینی بنانے کی ہدایت بھی دی۔
دورے کے دوران وفد نے بونیر اور شانگلہ کے سیلاب زدہ علاقوں کا فضائی جائزہ بھی لیا۔
وزیراعظم نے سیلاب کی وجوہات پر قابو پانے کے حکومتی عزم کو دہراتے ہوئے غیر قانونی تجاوزات، ٹمبر مافیا اور قدرتی آبی راستوں کی بندش میں ملوث عناصر کے خلاف سخت کارروائی کا اعلان کیا۔
انہوں نے کہا کہ کوئی قانون سے بالاتر نہیں۔ تجاوزات اور مافیا کے خلاف بلاامتیاز کارروائی کی جائے گی تاکہ آئندہ ایسے بحران سے بچا جا سکے۔
دریں اثنا، فیلڈ مارشل عاصم منیر نے ریسکیو و امدادی سرگرمیوں میں مصروف فوج، پولیس اور سول انتظامیہ کے اہلکاروں سے ملاقات کی اور ان کی خدمات کو سراہتے ہوئے کہا کہ عوام کا تحفظ اور امداد فوج کی اولین ترجیح ہے، جس کے لیے تمام وسائل بروئے کار لائے جا رہے ہیں۔























Comments
Comments are closed.