نیشنل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (این ڈی ایم اے) اتوار کو فلسطین، خصوصاً غزہ، کے متاثرین کے لیے امدادی سامان کی 17 ویں کھیپ روانہ کر رہا ہے۔ وزیرِاعظم شہباز شریف کی ہدایات پر 100 ٹن امدادی سامان پر مشتمل یہ پہلی کھیپ آج شام اسلام آباد ایئرپورٹ سے روانہ کی جائے گی۔
این ڈی ایم اے کے ترجمان کے مطابق امدادی سامان میں خوراک اور ادویات شامل ہیں، جو خصوصی پرواز کے ذریعے اردن کے دارالحکومت عمان منتقل کیا جائے گا۔ اس موقع پر نائب وزیرِاعظم اسحاق ڈار اور چیئرمین این ڈی ایم اے لیفٹیننٹ جنرل انعام حیدر ملک خصوصی تقریب کے مہمانِ خصوصی ہوں گے۔
ترجمان کے مطابق کل مزید 200 ٹن امدادی سامان بھی خصوصی پروازوں کے ذریعے فلسطین بھیجا جائے گا۔ اب تک این ڈی ایم اے وزیرِاعظم کی ہدایات پر فلسطینی عوام کے لیے مجموعی طور پر 1,715 ٹن امدادی سامان بھیج چکا ہے۔
غزہ میں قحط اور انسانی المیہ
اقوامِ متحدہ کی ایک تازہ رپورٹ کے مطابق مغربی غزہ میں شدید بھوک اور افلاس کا سامنا کرنے والے ہزاروں بے گھر افراد خیموں میں تنگی سے رہائش پذیر ہیں۔ اسرائیلی ناکہ بندی کے باعث نہ صرف معاشی سرگرمیاں مفلوج ہو چکی ہیں بلکہ کھانے پینے کی اشیاء بھی ناپید ہو چکی ہیں۔
رپورٹ کے مطابق، کمیونٹی کچن صرف دال کا شوربہ فراہم کر رہے ہیں جہاں مرد، عورتیں اور بچے گھنٹوں دھوپ میں قطاروں میں کھڑے رہتے ہیں۔ ایک بزرگ شہری زیاد الغریظ نے بتایا کہ انہوں نے دس دن سے روٹی نہیں کھائی اور دال کے شوربے پر گزارا کر رہے ہیں کیونکہ آٹا خریدنے کی سکت نہیں۔
ایک نوجوان محمد نیفح نے کہا کہ میں چار گھنٹے سے کھڑا ہوں، نہ کھانا ملا، نہ پانی۔ ہم بھوک سے مر رہے ہیں، دنیا کہاں ہے؟
شجاعیہ سے تعلق رکھنے والی خاتون ام محمد نے صورتحال کو ’’قیامت خیز‘‘ قرار دیتے ہوئے کہا کہ نہ پانی ہے، نہ خوراک، نہ روٹی۔ ہم خالی ہاتھ واپس آتے ہیں، اور کوئی ہماری نہیں سنتا۔
این ڈی ایم اے کی جانب سے بھیجی جانے والی امداد متاثرین کی فوری ضروریات پوری کرنے میں اہم کردار ادا کرے گی، تاہم اقوامِ متحدہ نے عالمی برادری سے اپیل کی ہے کہ وہ غزہ کے مظلوم عوام کی فوری اور مؤثر مدد کرے۔

























Comments
Comments are closed.