ملاکنڈ اور قلات میں علیحدہ کارروائیوں کے دوران 13 دہشت گرد ہلاک ہوگئے، آئی ایس پی آر
- ملاکنڈ میں 9 دہشت گرد ہلاک اور 8 کو گرفتار کرلیا گیا
سیکیورٹی فورسز نے اتوار کے روز بلوچستان کے ضلع قلات اور خیبر پختونخوا کے ضلع ملاکنڈ میں علیحدہ کارروائیوں کے دوران 13 بھارتی حمایت یافتہ دہشت گردوں کو ہلاک کر دیا۔
فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) نے بتایا کہ بلوچستان کے قلات میں انٹیلی جنس معلومات پر مبنی آپریشن (آئی بی او) کے دوران چار دہشت گرد مارے گئے۔ آئی ایس پی آر کے مطابق یہ آپریشن 19 اور 20 جولائی کو اس اطلاع پر کیا گیا کہ ’’بھارتی پراکسی نیٹ ورک فتنہ الہندوستان‘‘ سے تعلق رکھنے والے دہشت گرد اس علاقے میں موجود ہیں۔
سیکیورٹی فورسز نے ٹھکانے کو مؤثر انداز میں نشانہ بنایا اور شدید فائرنگ کے تبادلے کے بعد چار دہشت گردوں کو جہنم واصل کر دیا گیا۔ ہلاک دہشت گرد علاقے میں متعدد دہشت گرد کارروائیوں میں ملوث تھے۔ آپریشن کے دوران بڑی تعداد میں اسلحہ، گولہ بارود اور دھماکہ خیز مواد بھی برآمد کیا گیا۔ مزید خطرات کے خاتمے کے لیے کلیئرنس آپریشن جاری ہے۔ فوج نے کہا کہ پاکستان کی سیکیورٹی فورسز ’’بھارتی سرپرستی یافتہ دہشت گردی‘‘ کو جڑ سے اکھاڑنے کے لیے پرعزم ہیں اور مجرموں کو انصاف کے کٹہرے میں لانے کا قومی عزم دہراتی ہیں۔
دریں اثنا، خیبر پختونخوا کے ملاکنڈ علاقے میں نو بھارتی حمایت یافتہ دہشت گرد ہلاک جبکہ آٹھ کو گرفتار کر لیا گیا۔ آئی ایس پی آر کے مطابق، ’’16 سے 20 جولائی 2025 کے دوران، ملاکنڈ میں سیکیورٹی فورسز نے پولیس، لیویز، سی ٹی ڈی اور ضلعی انتظامیہ کے ساتھ مشترکہ انٹیلی جنس بنیاد پر کارروائی کی۔
سیکیورٹی فورسز نے خوارج کے ٹھکانے کا محاصرہ کر کے مؤثر طریقے سے کارروائی کی، اور ’’شدید اور متعدد فائرنگ کے تبادلوں کے بعد نو بھارتی حمایت یافتہ خوارج کو جہنم واصل کر دیا جبکہ آٹھ خوارج کو گرفتار کر لیا گیا۔ کارروائی کے دوران خوارج کے دو ٹھکانے بھی تباہ کیے گئے اور بڑی مقدار میں اسلحہ، گولہ بارود اور دھماکہ خیز مواد برآمد کیا گیا۔
علاقے کے عوام نے آپریشن کو سراہا اور ریاست کی انسداد دہشت گردی کی کوششوں کی مکمل حمایت کا اظہار کیا۔ آئی ایس پی آر نے مزید کہا کہ علاقے میں موجود کسی بھی باقی خوارج کو ختم کرنے کے لیے کلیئرنس آپریشن جاری ہے، کیونکہ سیکیورٹی فورسز اور قانون نافذ کرنے والے ادارے ملک سے بھارتی سرپرستی یافتہ دہشت گردی کے خاتمے کے لیے پرعزم ہیں۔
یہ پیش رفت چند دن بعد سامنے آئی ہے جب بلوچستان کے ضلع آواران میں ایک انٹیلی جنس معلومات پر مبنی آپریشن (آئی بی او) کے دوران پاکستان آرمی کا ایک افسر شہید ہو گیا جبکہ ’’فتنہ الہندوستان‘‘ نامی بھارتی گروہ سے تعلق رکھنے والے تین دہشت گرد مارے گئے تھے۔






















Comments
Comments are closed.