حکام نے تصدیق کی ہے کہ کراچی کے علاقے لیاری میں جمعرات کے روز ایک عمارت کی چھت گرنے سے 2 خواتین جاں بحق اور متعدد افراد زخمی ہو گئے ہیں۔
ریسکیو 1122 کے مطابق واقعہ لیاری کے کھڈہ مارکیٹ کے قریب پیش آیا، جہاں 6 منزلہ عمارت کی بالائی منزل پر تعمیراتی کام جاری تھا کہ اچانک ایک حصہ منہدم ہو گیا۔
ریسکیو 1122 کے ترجمان کے مطابق اطلاع ملتے ہی مرکزی کمانڈ اینڈ کنٹرول سسٹم کو الرٹ جاری کیا گیا، جس کے بعد فوری طور پر شہری بچاؤ کی ایک خصوصی ٹیم، ایمبولینس اور ڈیزاسٹر ریسپانس وہیکل کے ہمراہ جائے وقوعہ پر روانہ کی گئی۔
ترجمان نے تصدیق کی ہے کہ ریسکیو آپریشن مکمل کر لیا گیا ہے اور تمام زخمیوں اور جاں بحق افراد کو قریبی اسپتال منتقل کر دیا گیا ہے۔
حکام کے مطابق عمارت کا ڈھانچہ پہلے ہی مخدوش تھا۔ اطلاعات کے مطابق چھت گرنے کا واقعہ اُس وقت پیش آیا جب ایک مزدور وہاں کام کر رہا تھا۔
متعلقہ ادارے اب عمارت کی ساخت کا جائزہ لیں گے تاکہ مزید خطرات اور ذمہ داریوں کا تعین کیا جا سکے۔





















Comments
Comments are closed.