وزیراعظم شہباز شریف نے جمعہ کے روز آذربائیجان کے شہر خان کندی میں منعقدہ 17ویں اقتصادی تعاون تنظیم (ای سی او) سربراہی اجلاس کے موقع پر ترکیہ کے صدر رجب طیب اردوان، ایران کے صدر ڈاکٹر مسعود پزشکیان اور ازبکستان کے صدر شوکت مرزائیوف سے علیحدہ علیحدہ دوطرفہ ملاقاتیں کی ہیں۔

وزیراعظم آفس سے جاری بیان کے مطابق دونوں رہنماؤں نے پاکستان اور ترکیہ کے درمیان تعلقات کا جامع جائزہ لیا اور خطے میں ہونے والی اہم پیش رفت پر تبادلہ خیال کیا۔

فریقین نے تجارت، دفاع، توانائی، علاقائی روابط اور سرمایہ کاری سمیت باہمی دلچسپی کے تمام شعبوں میں دوطرفہ تعلقات کو مزید مضبوط بنانے کے عزم کا اعادہ کیا۔

وزیراعظم شہباز شریف اور ترک صدر رجب طیب اردوان نے اس بات پر اتفاق کیا ہے کہ دونوں ممالک کے درمیان اعلیٰ سطح کے روابط کو تیز کیا جائے تاکہ باہمی مفاہمت پر بروقت عملدرآمد کو یقینی بنایا جا سکے۔

وزیراعظم نے علاقائی امن، استحکام اور پائیدار ترقی کے مشترکہ اہداف کے حصول کے لیے ترکی کے ساتھ قریبی تعاون جاری رکھنے کے پاکستان کے غیر متزلزل عزم کا اعادہ کیا۔

ملاقات میں بدلتی ہوئی علاقائی و عالمی صورتحال کے تناظر میں اسلام آباد اور انقرہ کے درمیان بڑھتی ہوئی اسٹریٹجک شراکت داری کو اجاگر کیا گیا۔

وزیراعظم شہباز شریف آذربائیجان کے شہر خان کندی میں 17ویں اقتصادی تعاون تنظیم (ای سی او) سربراہی اجلاس میں شرکت کے لیے دو روزہ سرکاری دورے پر ہیں۔ اجلاس کے موقع پر انہوں نے ایران کے صدر ڈاکٹر مسعود پزشکیان اور ازبکستان کے صدر شوکت مرزائیوف سے بھی الگ الگ ملاقاتیں کی ہیں۔

ایران کے صدر ڈاکٹر مسعود پزشکیان سے ملاقات میں وزیراعظم شہباز شریف نے ان کی قیادت کو سراہا اور حالیہ بحران کے دوران جنگ بندی کے فیصلے کو قابل تحسین قرار دیا۔

وزیراعظم نے ایرانی عوام اور حکومت کے ساتھ پاکستان کی غیر متزلزل یکجہتی کا اعادہ کیا اور اس عزم کا اظہار کیا کہ پاکستان خطے میں امن کے فروغ کے لیے ایران کے ساتھ قریبی تعاون جاری رکھے گا تاکہ مکالمے اور سفارت کاری کے ذریعے مسائل کا حل تلاش کیا جا سکے۔

۔

ایرانی صدر ڈاکٹر مسعود پزشکیان نے حالیہ بحران کے دوران بین الاقوامی فورمز پر ایران کے لیے پاکستان کی موثر سفارتی حمایت کو سراہا اور کشیدگی میں کمی کے لیے پاکستان کے اہم کردار پر وزیراعظم شہباز شریف کا شکریہ ادا کیا۔

ازبکستان کے صدر شوکت مرزائیوف سے ملاقات میں دونوں رہنماؤں نے پاکستان اور ازبکستان کے درمیان دوطرفہ اور کثیرالجہتی سطح پر جاری مضبوط تعاون پر اطمینان کا اظہار کیا۔

فریقین نے پاکستان اور ازبکستان کے درمیان گہرے ثقافتی، تہذیبی اور تاریخی رشتوں کو اجاگر کیا جو مختلف شعبوں میں پائیدار اور مضبوط شراکت داری کے لیے ایک مستحکم بنیاد فراہم کرتے ہیں۔

۔

وزیراعظم شہباز شریف اور ازبک صدر شوکت مرزائیوف نے اپنی ملاقات میں تجارت و سرمایہ کاری، علاقائی روابط، توانائی، ثقافت، عوامی تبادلوں اور سلامتی سمیت مختلف شعبوں میں تعاون کو فروغ دینے پر اتفاق کیا۔

ملاقات کے دوران دونوں رہنماؤں نے علاقائی انضمام اور رابطے کے منصوبوں، خصوصاً ٹرانس افغان ریلوے منصوبے کی اہمیت پر زور دیا۔

اس سلسلے میں دونوں ممالک نے اس بات پر اتفاق کیا کہ متعلقہ وزراء کے اعلیٰ سطح کے وفود جلد از جلد تاشقند اور اسلام آباد کا دورہ کریں گے تاکہ ان منصوبوں سے متعلق ضروری معاہدوں کو حتمی شکل دی جا سکے۔

دونوں رہنماؤں نے پاکستان اور ازبکستان کے مابین دیرینہ برادرانہ تعلقات کو مزید وسعت دینے اور ان میں تنوع پیدا کرنے کے عزم کا اعادہ کیا۔

علاوہ ازیں دونوں رہنماؤں نے خطے اور دنیا کو درپیش مشترکہ چیلنجز پر اپنے نقطہ نظر کا تبادلہ بھی کیا۔

Comments

200 حروف