کاروبار اور معیشت

کرنٹ اکاؤنٹ سرپلس کا سلسلہ ختم، مئی میں 10 کروڑ 30 لاکھ ڈالر کا خسارہ ریکارڈ

  • کرنٹ اکاؤنٹ خسارہ سالانہ بنیاد پر 56 فیصد کم ہو کر مئی 2025 میں 103 ملین ڈالر رہا، جبکہ گزشتہ سال اسی ماہ میں یہ خسارہ 235 ملین ڈالر تھا۔
شائع June 17, 2025

پاکستان کا کرنٹ اکاؤنٹ مئی 2025 میں 10 کروڑ 30 لاکھ ڈالر کے خسارے میں چلا گیا، جبکہ گزشتہ ماہ (اپریل) میں کرنٹ اکاؤنٹ 4 کروڑ 70 لاکھ ڈالر کے سرپلس میں تھا۔ یہ اعداد و شمار اسٹیٹ بینک آف پاکستان نے منگل کو جاری کیے۔

کرنٹ اکاؤنٹ خسارے میں سالانہ بنیاد پر 56 فیصد کمی ریکارڈ کی گئی، کیونکہ مئی 2024 میں یہ خسارہ 23 کروڑ 50 لاکھ ڈالر تھا۔

ماہ مئی میں کرنٹ اکاؤنٹ خسارے کی بنیادی وجہ درآمدی بل میں نمایاں اضافہ اور برآمدات میں کمی رہی۔

جے ایس گلوبل کے ریسرچ ہیڈ وقاص غنی نے بزنس ریکارڈر کو بتایا کہ کرنٹ اکاؤنٹ مئی میں 10 کروڑ 30 لاکھ ڈالر خسارے میں رہا، جو حالیہ مہینوں میں سرپلس رجحان کے برعکس ہے۔ اس خرابی کی بڑی وجہ تجارتی خسارے میں اضافہ ہے، جو 3 ارب ڈالر تک پہنچ گیا — جو کہ سالانہ بنیاد پر 52 فیصد اور اپریل 2025 سے 16 فیصد زیادہ ہے۔

مجموعی طور پر، رواں مالی سال کے ابتدائی 11 ماہ کے دوران پاکستان کا کرنٹ اکاؤنٹ 1.81 ارب ڈالر کے سرپلس میں رہا، جو گزشتہ مالی سال کی اسی مدت میں 1.57 ارب ڈالر کے بڑے خسارے کے مقابلے میں ایک مثبت تبدیلی ہے۔

بریک ڈائون

مئی 2025 میں برآمدا: مجموعی برآمدات (اشیاء اور خدمات) 3.15 ارب ڈالر رہیں، جو مئی 2024 کے مقابلے میں 15 فیصد کم ہیں (مئی 2024: 3.71 ارب ڈالر)۔

مئی 2025 میں درآمدات:مجموعی درآمدات 6.36 ارب ڈالر رہیں، جو سالانہ بنیاد پر 7 فیصد زیادہ ہیں۔

ترسیلات زر: مئی 2025 میں پاکستانی تارکین وطن کی ترسیلات زر 3.69 ارب ڈالر رہیں، جو گزشتہ سال کے مقابلے میں 13 فیصد زیادہ ہیں۔

پاکستان میں سست معاشی نمو، مہنگائی کی بلند شرح، اور درآمدات پر پابندیوں نے کرنٹ اکاؤنٹ خسارے کو قابو میں رکھنے میں مدد دی۔ ساتھ ہی حالیہ مہینوں میں شرح سود میں کمی اور برآمدات میں بہتری بھی پالیسی سازوں کے لیے معاون ثابت ہوئی ہے۔

Comments

200 حروف