ایرانی وزیر انٹیلی جنس اسماعیل خطیب نے اتوار کو سرکاری ٹی وی سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ تہران کو حاصل ہونے والی حساس اسرائیلی دستاویزات جلد منظرِ عام پر لائی جانی چاہئیں۔ انہوں نے ان دستاویزات کو ایک ”قیمتی خزانہ“ قرار دیا جو ایران کی عسکری صلاحیتوں کو مضبوط بنائے گا۔
ایرانی سرکاری میڈیا نے ہفتے کے روز رپورٹ کیا تھا کہ ایرانی انٹیلی جنس اداروں نے اسرائیل کی حساس دستاویزات کا ایک بڑا ذخیرہ حاصل کیا ہے۔ خطیب کے مطابق یہ دستاویزات اسرائیل کی جوہری تنصیبات، امریکہ، یورپ اور دیگر ممالک کے ساتھ اس کے تعلقات اور اس کی دفاعی صلاحیتوں سے متعلق ہیں۔
اسرائیل کی جانب سے فوری طور پر کوئی سرکاری ردعمل سامنے نہیں آیا۔
یہ واضح نہیں ہو سکا کہ یہ رسائی اُس اسرائیلی جوہری تحقیقی مرکز پر مبینہ سائبر حملے سے جُڑی ہوئی ہے یا نہیں، جس کا انکشاف ایران اب کر رہا ہے، ایسے وقت میں جب اس کے جوہری پروگرام کو لے کر کشیدگی میں اضافہ ہوا ہے۔
اسماعیل خطيب نے کہا کہ اس قیمتی خزانے کی منتقلی میں وقت لگا اور اس کے لیے سیکیورٹی اقدامات ضروری تھے۔ منتقلی کے طریقے فطری طور پر خفیہ رہیں گے لیکن یہ دستاویزات جلد منظرِ عام پر آجائیں گی۔ انہوں نے مزید کہا کہ حجم کے اعتبار سے ہزاروں دستاویزات کہنا بھی کم ہوگا۔
یاد رہے کہ 2018 میں اسرائیلی وزیرِاعظم بنیامین نیتن یاہو نے کہا تھا کہ اسرائیلی ایجنٹوں نے ایرانی دستاویزات کا ایک بڑا ”ذخیرہ“ حاصل کیا ہے جس سے ظاہر ہوتا ہے کہ تہران نے جوہری سرگرمیوں میں پہلے سے کہیں زیادہ کام کیا تھا۔
امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے دھمکی دی ہے کہ اگر تہران اپنے جوہری پروگرام پر واشنگٹن سے معاہدے پر نہ پہنچا تو ایران کو بمباری کا نشانہ بنایا جائے گا۔ تاہم رپورٹ کے مطابق، ٹرمپ نے اپریل میں ایرانی جوہری تنصیبات پر اسرائیل کے ممکنہ حملے کو روک دیا اور تہران کے ساتھ مذاکرات کی حمایت کی۔
سپریم لیڈر آیت اللہ علی خامنہ ای نے بدھ کو کہا کہ یورینیم کی افزودگی ترک کرنا ایران کے مفادات کے خلاف ”سو فیصد“ ہوگا۔ اس بیان کے ساتھ ہی انہوں نے تہران کے جوہری عزائم پر کئی دہائیوں سے جاری تنازعہ کو حل کرنے کے لیے ہونے والے مذاکرات میں امریکہ کا بنیادی مطالبہ بھی مسترد کر دیا۔
مغربی طاقتوں کا کہنا ہے کہ ایران یورینیم اتنی خالص سطح تک افزودہ کر رہا ہے جو ایٹمی بم کے لیے موزوں ایندھن کے قریب ہے جبکہ ایران نے ہمیشہ ایٹمی ہتھیار بنانے کی کوششوں سے انکار کیا ہے۔
Comments