روسی حکام نے اتوار کی صبح بتایا کہ ماسکو کو نشانہ بنانے والے یوکرینی ڈرون حملے کے باعث دارالحکومت کے دو اہم ہوائی اڈوں کو بند کرنا پڑا۔

ماسکو کے میئر سرگئی سوبیانن نے ٹیلیگرام پر بتایا کہ روسی فضائی دفاعی یونٹس نے صبح 4 بجے جی ایم ٹی تک ماسکو کی جانب آنے والے یوکرین کے 9 ڈرونز کو تباہ کر دیا۔

سوبیانن کے مطابق، رات گئے ہونے والے اس حملے میں ڈرون کے ملبے کے مقامات پر ہنگامی امدادی ٹیمیں روانہ کی گئیں، تاہم فوری طور پر کسی نقصان کی اطلاع نہیں ملی۔

یوکرینی ڈرون حملے سے تُولا کے علاقے میں واقع آزوت کیمیکل پلانٹ میں مختصر مدت کے لیے آگ بھڑک اٹھی، جس میں دو افراد زخمی ہوئے، جبکہ کالوگا ریجن میں سات ڈرونز کو تباہ کیا گیا۔ دونوں علاقے ماسکو کے جنوب میں واقع ہیں اور اس کے ساتھ سرحد رکھتے ہیں۔

رائٹرز ان خبروں کی آزادانہ طور پر تصدیق نہیں کر سکا۔

یوکرین کی جانب سے فوری طور پر کوئی ردعمل سامنے نہیں آیا۔

روسی سول ایوی ایشن اتھارٹی ”روس آویاتسیا“ نے ٹیلیگرام پر اعلان کیا کہ فضائی سیکیورٹی کو یقینی بنانے کے لیے ونوکوو اور دومودیڈوو ہوائی اڈوں پر پروازوں کو معطل کر دیا گیا ہے۔

روس اور یوکرین نے حالیہ ہفتوں میں ایک طرف حملوں میں شدت پیدا کی ہے تو دوسری جانب فروری 2022 میں شروع ہونے والی جنگ کے ابتدائی دنوں کے بعد پہلی بار امن مذاکرات کی جانب بھی پیش قدمی کی ہے۔

Comments

200 حروف